تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
30 مارچ 2016
وقت اشاعت: 10:32

امریکی وزیردفاع ایشٹین کارٹر یورپ کے دورہ پر روانہ

جیو نیوز - واشنگٹن......مشرقی وسطی میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف جاری عسکری مہم میں شامل اتحادی ممالک کے ایک اہم سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر یورپ کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں ۔

جہاں وہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن ممالک کے وزرائے دفاع کے ایک اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں جولائی کے مہینے میں پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں ہونے والی نیٹو کی سمٹ کے حوالے سے بات چیت متوقع ہے۔

اٹھائیس ارکان پر مشتمل یہ اتحاد خطے کو درپیش متعدد پیچیدہ مسائل سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر غور کر رہا ہے۔ایک دفاعی اہلکار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ مستقبل قریب میں نیٹو کی جانب سے چند اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ان کے بقول اب تک نیٹو یورپی حدود سے باہر انسداد دہشت گردی جیسے عوامل میں مصروف رہا ہے تاہم اب یہ بھی اہم سمجھا جا رہا ہے کہ یورپ کے اندر حرکت کو ممکن بنایا جا سکے۔

بعد ازاں امریکی وزیر خارجہ کارٹر جمعرات کو بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں ایک اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں دہشت گرد گروہ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف امریکی قیادت میں قائم ہونے والے عسکری اتحاد کے ستائیس رکن ممالک باقاعدہ شرکت کریں گے جبکہ اکیس ملک بطور مبصر شامل ہوں گے۔ پچھلے قریب ڈیڑھ برس سے جاری عسکری کارروائیوں میں عملی مدد کرنے والے ستائیس ملکوں میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور عراق کے علاوہ فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا اور دیگر کئی یورپی ریاستیں شامل ہیں۔

مریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے پریس سیکرٹری پیٹر کک نے کارٹر کے دورہ یورپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع اجلاس میں مختلف صورتوں میں تعاون کے متمنی ہوں گے، خواہ وہ اضافی جنگی طیاروں کی صورت میں ہو یا مالی امداد کی صورت میں۔ بتایا گیا ہے کہ کارٹر شامی صوبے حلب کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے، جہاں شامی فوج کے روسی حمایت یافتہ حالیہ حملوں کی وجہ سے ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.