تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
18 اپریل 2016
وقت اشاعت: 17:34

شامی حزب اختلاف جنگ بندی کو مشروط قبول کرنے پر آمادہ

جیو نیوز - ریاض..........شامی حزب اختلاف کے قومی اتحاد نے مشروط طور پر عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والی عارضی جنگ بندی کو قبول کرنے سے اتفاق کیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق شامی حزب اختلاف کی اعلیٰ مذاکراتی کمیٹی (ایچ این سی) نے ریاض میں اپنے اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہاکہ اس نے شام میں جنگی کارروائیوں کو روکنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو قبول کر لیا ہے،تاہم یہ فیصلہ ان اقدامات سے مشروط ہے کہ شامی حکومت باغیوں کے زیر قبضہ اٹھارہ علاقوں کا محاصرہ ختم ،قیدیوں کو رہا اور فضائی اور توپ خانے سے گولہ باری بندی کردے۔

واضح رہے کہ جنیوا میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں ایچ این سی اور شامی حکومت کے درمیان بالواسطہ مذاکرات 3 فروری کو منقطع ہو ئے تھے اور شامی حزب اختلاف نے شہریوں کے خلاف روسی اور بشار الاسد حکومت کی فوجی کارروائیاں رْکنے تک بات چیت میں حصہ لینے سے انکار کردیا تھا۔

ایچ این سی کے اس اجلاس سے چند گھنٹے قبل امریکا اور روس نے آیندہ ہفتے کے روز سے شام میں جنگ بندی سے اتفاق کیا تھا۔امریکی عہدے داروں کے بہ قول دونوں ممالک شام میں جنگی کارروائیاں روکنے سے متعلق شرائط وضوابط پر متفق ہوگئے ہیں۔تاہم اس جنگ بندی کا اطلاق داعش اور القاعدہ سے وابستہ النصرہ گروپ نہیں ہوگا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.