18 اپریل 2016
وقت اشاعت: 18:55
فوجی مشقوں سے مسلم ممالک میں عسکری تعاون بہتر ہو گا، سعودی عرب
جیو نیوز - ریاض.........سعودی عرب کی حکومت نے کہا ہے کہ مشرقی وسطیٰ میں جاری فوجی مشقوں سے مسلم ممالک کے مابین عسکری تعاون میں بہتری پیدا ہو گی۔ چودہ فروری سے دس مارچ تک جاری رہنے والی ان فوجی مشقوں میں پاکستان سمیت بیس ممالک کی افواج شریک ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی کابینہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے مشترکہ تعاون سے مسلم ممالک کے مابین عسکری تعاون بہتر ہو گا اور موجودہ دور کے چینلجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
سعودی حکام نے ان مشقوں میں شریک ممالک کی افواج کی تیاری اور عزم کی بھی تعریف کی ہے۔ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین حالیہ جوہری ڈیل کی وجہ سے سعودی عرب کو ایسے تحفظات لاحق ہیں کہ ایران علاقائی سطح پر اپنا اثرورسوخ پھیلا سکتا ہے۔اس ضمن میں شامی خانہ جنگی اور یمن میں جاری بحران ریاض حکومت کے لیے پریشانی کا باعث بھی ہیں۔
ایران نہ صرف شامی صدر بشار الاسد کی حمایت کرتا ہے بلکہ وہ یمن میں حوثی باغیوں کو بھی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ تھنڈر آف دی نارتھ نامی ان مشقوں کو مشرق وسطیٰ میں اب تک کی سب سے بڑی فوجی مشق قرار دیا جا رہا ہے۔ خلیجی عرب ممالک کے علاوہ پاکستان، مصر، مراکش، بنگلہ دیش، اردن، سوڈان اور سنیگال کی افواج بھی ان مشقوں میں شریک ہیں۔اور ڈیرھ لاکھ فوجی ان مشقوں کا حصہ ہیں۔