21 اپریل 2016
وقت اشاعت: 11:22
برطانیہ دنیا کیلئے خطرناک مثال قائم کر رہا ہے، ایمنسٹی
جیو نیوز - لندن.........حقوق انسانی کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ برطانیہ انسانی حقوق کے حوالے سے دنیا کیلئے ایک خطرناک مثال قائم کر رہا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شائع ہونے والی اپنی سالانہ رپورٹ میں کہاکہ برطانوی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی کمی دنیا بھر کے آمروں کیلئے ایک تحفہ ہے۔رپورٹ میں برطانیہ کے مختلف اقدامات پرخدشات کا اظہار کیاگیا جن میں پناہ گزینوں کی ذمہ داری اٹھانے سے انکار، تحقیقاتی اختیارات کے مجوزہ بل اور سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت سے متعلق لائسنسز کا اجرا شامل ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق اپنی سالانہ رپورٹ میں برطانیہ کو خبردار کیاکہ اس کی جانب سے مختلف محاذوں پر انسانی حقوق کے اداروں کو کمزور کرنے سے ایک خطرناک مثال قائم ہو رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق برطانیہ یورپ میں پناہ گزینوں کی برھتی ہوئی تعداد اور ان کی ذمہ داری بانٹنے سے متعلق یورپی یونین کی کوششوں میں حصہ ڈالنے سے انکاری ہے۔
سالانہ رپورٹ میں کہا گیا کہ برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے گذشتہ ستمبر میں شامیوں کیلئے آباد کاری سکیم میں توسیع کا اعلان کیا گیا لیکن اس کے باوجود برطانیہ میں یورپ کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت کم پناہ گزینوں کو داخلے کی اجازت دی گئی۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے قوانین میں توسیع کرتے ہوئے ایسے پناہ گزینوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دے جن کے خاندان برطانیہ میں ہی رہتے ہیں اس کے علاوہ برطانوی حکومت کے تحقیقاتی اختیارات کے مجوزہ بل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔تنظیم نے برطانیہ میں نگرانی سے متعلق اس بل کا مسودہ دوبارہ تیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔