25 اپریل 2016
وقت اشاعت: 6:17
کیمرون اور نائیجریا کا مشترکہ آپریشن، 100 شدت پسند ہلاک
جیو نیوز - یائوندے..........وسطی افریقی ملک کیمرون کی فوج نے نائیجیریا کے فوجیوں کے ساتھ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے سینکڑوں مغویوں کو بازیاب کرا لیا اس دوران بوکو حرام کے 100 شدت پسند مارے گئے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وسطی افریقی ملک کیمرون کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے نائیجیریا کے فوجیوں کے ساتھ ایک مشترکہ آپریشن میں سیکڑوں مغویوں کو بازیاب کرواتے ہوئے بوکو حرام کے لگ بھگ 100 مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
فوجی حکام کے مطابق تین دن تک جاری رہنے والے مشترکہ آپریشن میں فورسز نے سرحد کے قریب نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے کوماہی کا قبضہ بھی واگزار کروا لیا۔ آپریشن میں 2 فوجی ہلاک اور5 زخمی بھی ہوئے۔اس آپریشن سے متعلق آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے لیکن یہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب کہ امریکی سفارتکار نائیجیریا کے حکام کے ساتھ خطے میں امریکی افواج کی تعیناتی کے بارے میں صلاح مشورہ کرنے میں مصروف ہیں۔
ایک امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ اس ضمن میں بات چیت "جاری" ہے لیکن تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔جمعہ کو امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے خبر دی تھی کہ امریکہ کی ایک جائزہ ٹیم نے سفارش کی ہے کہ بورنو ریاست میں فوجی مشیروں کو تعینات کیا جائے جو نائیجیریا کی فوج کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی کی مہم کی زیادہ موثر انداز میں منصوبہ بندی کریں۔
کیمرون میں پہلے ہی امریکہ کے تقریباً 250 فوجی اہلکار موجود ہیں جو خطے میں بوکو حرام کے خلاف کارروائیوں کی نگرانی کے لیے ڈرون طیاروں کے آپریشن میں مصروف ہیں۔اس گروپ نے داعش کے ساتھ بھی وفاداری کا اعلان کر رکھا ہے اور کیمرون، نائیجر اور چاڈ میں اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔