تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
25 اپریل 2016
وقت اشاعت: 4:57

داعش اور کردوں میں لڑائی،امریکی بمباری،65 افراد ہلاک

جیو نیوز - بیروت.........شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے بتایا ہے کہ امریکا کی قیادت میں عالمی اتحادی فوج کے طیاروں کی بمباری اور کرد جنگجوؤں کے حملوں میں کم سے کم 45 داعش کے جنگجو ہلاک ہوئے ہیںادھر شام اور ترکی کی سرحدی پر کرد اکثریتی علاقوں میں لڑائی کے دوران کرد عسکریت پسند گروپ ’’حمایی الشعب یونٹ‘‘ کے بیس جنگجو مارے گئے۔

آخری اطلاعات کے مطابق فضائی حملے اور لڑائی جاری ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپ’’ہیومن رائیٹس آبزرویٹری‘‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ اتحادی ممالک کے طیاروں نے شام اور ترکی کی سرحد کے قریب تل ابیض کے مقام پر داعش کے ٹھکانوں پر 10 فضائی حملے کیے جن میں درجنوں داعشی شدت پسند ہلاک اور زخمی ہوئے ۔

کرد عسکریت پسند گروپ کے ترجمان ریدور خلیل اور ترک سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حمایی الشعب کے زیرکنٹرول تل ابیض اور سلوک قصبوں میں داعش نے حملہ کیا تاہم جوابی کارروائی میں داعش کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے، کرد فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے داعشی شدت پسندوں کا محاصرہ کرنے کے بعد انہیں گھیر کر ہلاک کر دیا۔

خیال رہے کہ تل ابیض اور دیگرعلاقوں پر کردوں نے گذشتہ برس داعش کے خلاف شدید لڑائی کے بعد کنٹرول حاصل کیا تھا۔ اس لڑائی میں کردوں کو امریکا کی معاونت بھی حاصل تھی۔ترک سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ شام کے علاقے تل ابیض اور قلعہ اقجہ کے آس پاس لڑائی ہفتے کے روز علی الصباح شروع ہوئی۔

ذرائع نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا کہ قلعہ اقجہ کے مقام پر مبینہ طور پرامریکی طیاروں نے بمباری کی، جس کے نتیجے میں درجنوں داعشی جنگجو ہلاک ہو گئے۔ کرد ترجمان خلیل نے بتایا کہ بعض حملہ آور ترکی کی سرحد سے ان کے علاقے میں داخل ہوئے اور حملہ کر دیا۔ انہوں الزام عاید کیا کہ ترکی داعش کو کردوں کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.