27 اپریل 2016
وقت اشاعت: 18:34
شامی سرحد پر ترکی کی فوجی تیاریوں پر تشویش ہے،روس
جیو نیوز - ماسکو........ روس کے نائب وزیر دفاع سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو شام کی سرحد کے ساتھ ترکی کی فوجی تیاریوں پر تشویش لاحق ہے اور انقرہ کی جانب سے شام میں مسلح مداخلت سے جنگ بندی کے منصوبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔
ماسکو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریابکوف نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ترک ساتھی سرحدپار حملوں کے تصور سے ابھی تک دستبردار نہیں ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ شام میں اگر وفاق کا ماڈل کام کرتا ہے تو وہ ایک وفاقی ریاست بن سکتا ہے۔
دوسری جانب معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے شام میں روس کی فوجی تیاریوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کویت میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ نیٹو اتحاد کو شام میں روس کی فوجی مہم جوئی پر تشویش لاحق ہے۔
ہم نے شام میں روس کے زمینی دستے دیکھے ہیں ، بحر متوسط کے مشرق میں اس کی بحری فورسز موجود ہیں اور روسی فضائیہ حملے کررہی ہے۔