29 اپریل 2016
وقت اشاعت: 8:6
بھارت :اقوام متحدہ کے عہدیدار کے خلاف مقدمہ درج
جیو نیوز - نیویارک.......اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی پینل (آئی پی سی سی) کے سابق سربراہ راجندرا پچوری کے خلاف ایک بھارتی عدالت میں جنسی طور پر حراساں کرنے کا مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔
موسمیاتی تھنک ٹینک دی اینرجی اینڈ ریسورسز انسٹیٹیوٹ میں کام کرنے والی ایک ملازمہ نے گذشتہ سال راجندرا پر جنسی طور پر حراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔گذشتہ ماہ ایک اور ملازمہ نے بھی راجندرا کے خلاف جنسی طور پر حراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد کافی غم و غصہ پایا جاتا تھا۔
راجندرا پچوری نے اپنے خلاف لگے الزامات کی تردید کی اور گذشتہ سال وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔فروری میں تازہ ترین الزامات عائد ہونے کے بعد انھیں تھنک ٹینک ٹیری کی جانب سے غیر معینہ مدت کیلئے چھٹی لینے پر مجبور کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میں میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ شوانی چوہان کی عدالت میں ان کے خلاف ایک ہزار 400 صفحات کے الزامات درج کروائے گئے۔پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق راجیندرا کے خلاف جنسی طور پر حراساں کرنا، کسی کا پیچھا کرنا اور دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
یہ الزامات ان کے خلاف شکایت کرنے والے پہلی خاتون کی جانب سے عائد کیے گئے تھے۔مجسٹریٹ کے مطابق اس کیس کی سماعت 23 اپریل کوہو گی۔2007 میں راجندرا پچوری نے آئی پی سی سی کی نمائندگی میں امن کا نوبل انعام حاصل کیا تھا۔