29 اپریل 2016
وقت اشاعت: 8:22
میانمار کے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک ختم کیا جائے،اقوام متحدہ
جیو نیوز - نیویارک ..........اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی ہمدردی نے کہا ہے کہ میانمار کے بے گھر ہونے والے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کو ختم کیا جائے۔
اقوام متحدہ کے انسانی امور سے متعلق ادارے کے ڈائریکٹر جان جینگ نے کہا ہے کہ میانمار میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے باعث بے گھر ہونے والے مسلمانوں کے ساتھ تا حال امتیازی سلوک جاری ہے اور انہیں ملک میں آزاد گھومنے کے ساتھ ساتھ اسپتالوں سے علاج کرانے کی اجازت تک نہیں ہے ۔
جینگ کے مطابق 2012ءسے لے کر اب تک میانمار میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے باعث ایک لاکھ 20ہزار مسلمان بے گھر ہوئے ہیں جن کی بہت بڑی تعداد روہنگیا میں رہائش پذیر تھی جبکہ اسی عرصے کے دوران صرف 5ہزار بدھسٹ افراد بے گھر ہوئے ہیں ۔
جان جینگ کے مطابق میانمار کی ریاست کیچہن اور شان میں تقریباً ایک لاکھ افراد عارضی پناگاہوں میں رہائش پذیر ہیں۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی امور سے متعلق ادارے کے ڈائریکٹر جان جینگ نے حالیہ دنوں میں میانمار کا دورہ کیا ہے ۔