تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
29 اپریل 2016
وقت اشاعت: 9:43

افغانستان : بھارتی قونصل خانے پر خودکش حملہ، 7 افراد ہلاک

جیو نیوز - کابل........... افغانستان کے شہر جلال آباد میں بھارتی قونصل خانے پر خودکش بمباروں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 حملہ آوروں سمیت 7 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے ۔

افغان میڈیا کے مطابق بدھ کو صوبہ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ کھوگیانی نے بتایا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی قونصل خانے کے داخلی راستے پر دھماکے سے اڑا لی جس کے بعد دیگر 4خودکش حملہ آوروں نے قونصلیٹ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جس پر سیکورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کاروائی میں چاروں خودکش حملہ آوروں کو مار گرایا گیا جبکہ اس دوران 2 شہری ہلاک اور 19 افراد زخمی ہوگئے ۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ حملے میں بھارتی قونصل خانے کا عملہ محفوظ رہا ہے اور کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے باعث قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا اور متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں جس جگہ دھماکے ہوئے ہیں وہاں بھارتی قونصل خانے کے علاوہ پاکستانی اور دیگر ممالک کے قونصل خانی بھی واقع ہیں۔

حملے کے بعد قونصل خانے کی طرف جانے والی سڑک کو بند کر دیا گیا حملوں کی ذمہ داری فوری طور پر کسی گروہ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی، تاہم حالیہ دنوں میں اکثر حملوں کی ذمہ داری داعش کی جانب سے قبول کی جاتی رہی ہے۔دوسری جانب بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے بتایا کہ ان کے سفارت خانے کو نشانہ بنایا گیا تاہم عملہ محفوظ رہا ہے ۔

خیال رہے کہ جلال آباد پاکستان کی سرحد کے ساتھ واقع افغان صوبے ننگرہار کا دارالحکومت ہے جسے شدت پسند تنظیم داعش کا گڑھ قرار دیا جاتا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.