30 اپریل 2016
وقت اشاعت: 19:2
لبنانی فوج کو ہتھیار دینے کے لیے تیار ہیں، ایران
جیو نیوز - تہران......... لبنان کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ایران لبنانی فوج کو ہتھیار دینے کے لیے تیار ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع سمیر مقبل نے کہا ہے کہ ایران کے وزیر دفاع جنرل حسین دہقان نے ان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایران لبنانی فوج کو اس کی ضرورت کا ہر قسم کا اسلحہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
سمیر مقبل نے لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیع بری سے ملاقات کے بعد کہا کہ لبنان ایران کی اس پیشکش کے بارے میں مناسب فیصلہ کرنے کے لیے کابینہ کے اجلاس میں اس کا جائزہ لے گا۔
واضح رہے کہ ایران نے لبنان کو یہ پیشکش ایک ایسے وقت میں کی ہے کہ جب سعودی عرب نے حال ہی میں لبنانی فوج کی تین ارب ڈالر کی فوجی امداد روک دی ہے اور اپنے شہریوں کو لبنان سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔