2 مئی 2016
وقت اشاعت: 3:31
سعودی ولی عہد کی فرانسیسی صدر اوردیگر رہنمائوں سے ملاقاتیں
جیو نیوز - پیرس.........سعودی ولی عہد نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نائف نے فرانسیسی صدر فرانسو اولاند اور وزیر دفاع سمیت کئی اہم عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ سیکیورٹی اور فوجی تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ، سعودی عرب میں فرانس کی فوجی مشقوں میں اضافے اور یمن میں آپریشن میں تیزی پر بات چیت کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نائف نے اپنے دورہ فرانس کے دوران صدر فرانسو اولاند اوروزیر دفاع سمیت کئی اہم عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔پیرس کے شاہی محل میں صدر فرانسو اولاند کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہزاد ہ محمد بن نائف نے فرانسیسی وزیر دفاع جان ایف لورڈیان سے ملاقات میں دوطرفہ سیکیورٹی اور فوجی تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ، سعودی عرب میں فرانس کی فوجی مشقوں میں اضافے اور یمن میں "فیصلہ کن طوفان آپریشن" میں تیزی پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع فرانسیسی وزیر دفاع نے یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی مساعی کی حمایت کی اور کہا کہ ان کا ملک یمن میں سیاسی استحکام کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 پرعمل درآمد کا حامی ہے۔