25 اگست 2012
وقت اشاعت: 12:17
پاکستان میں ری کنڈیشن گاڑیوں کی درآمد برقرار رکھی جائے ، جاوید نیازی
جیو نیوز - ٹوکیو…عرفان صدیقی…جاپان سمیت دنیا بھر سے پاکستان برآمد کی جانیوالی ری کنڈیشنڈ گاڑیاں حکومت پاکستان کیلئے ڈیوٹی کی مد میں اربوں روپے کی آمدنی کا ذریعہ بن رہی ہیں ، جبکہ اس پروپیگنڈے میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ پاکستان نے کمرشل بنیادوں پر استعمال شدہ گاڑیوں کی اجازت دے رکھی ہے یہ بات جاپان سے استعمال شدہ گاڑیوں کی برآمد سے منسلک تنظیم پاک جاپان آٹو ایسوسی ایشن کے صدر جاوید نیازی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہی ، انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے صرف کم سے کم پانچ سال تک بیرون ملک قیام کرنے والے پاکستانیوں کو اپنے استعمال کیلئے ایک گاڑی درآمد کرنے کی اجازت دے رکھی ہے اور یہ ملک کی خدمت کرنے والے پاکستانیوں کو حکومت کی جانب سے ایک سہولت ہے جس کے خلاف پروپیگنڈہ افسوسناک ہے۔ جاوید نیازی نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والی ری کنڈیشنڈ گاڑیوں سے پاکستانی عوام کو کم قیمت میں بہترین معیار کی گاڑیاں استعمال کرنے کا موقع مل رہا ہے ، جبکہ پاکستان میں موجود مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو بھی اپنی گاڑیوں کا معیاربہتر کرنے ضرورت ہے تاکہ مقابلے کی فضا پیدا ہوسکے ،پاک جاپان آٹو ایسوسی ایشن نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ری کنڈیشن گاڑیوں کی درآمد برقرار رکھی جائے بلکہ کمرشل بنیادوں پر بھی محدود پیمانے پر ری کنڈیشنڈ گاڑیاں درآمد کرنے کی اجازت دی جائے ۔