تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
26 اگست 2012
وقت اشاعت: 6:36

سمندری طوفان آئزک کا رخ فلوریڈا کی جانب ہو گیا

جیو نیوز - میامی… سمندری طوفان آئزک نے ہیٹی میں دو لوگوں کی جان لے لی،غصے سے پھنکارتے ہوئے طوفان کا رخ اب امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب ہے۔ آئزک نامی سمندری طوفان 16 میل فی گھنٹے کی رفتار سے ریاست فلوریڈا کی جانب بڑھ رہا ہے، فلوریڈا کے گورنر نے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد میامی کے شہریوں نے اشیائے خوردونوش اور ایندھن کا ذخیرہ کرنا شروع کردیا ہے،،میامی کے ساحل جو گرمی کے ان دنوں میں سیاحوں سے کھچاکھچ بھرے ہوتے تھے،اب سائیں سائیں کر رہے ہیں۔ طوفان ممکنہ طور پر پیر کی صبح فلوریڈا کے جنوبی حصے سے ٹکرائے گا، تاہم اس سے پہلے ہی تیز ہواوٴں نے ریاست کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے،فلوریڈا کے شہر ٹامپا میں پیر سے ری پبلکن پارٹی کا 4روزہ کنونشن بھی شروع ہورہا ہے،تاہم ٹامپا کے میئر کا کہنا ہے کہ کسی بھی طوفان کی آمد سے قبل ہنگامی حالت کا اعلان معمول کی بات ہے اور کنونشن مقررہ پروگرام کے تحت ہی ہوگا۔ اس سے قبل آئزک طوفان ہیٹی اورکیوبا سے ٹکرایا، کیوبا میں ساحل سمندر پر واقع ہوٹلوں اور گھروں سے 5ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ہیٹی میں طوفانی بارش کے باعث حادثات میں ایک بچی اور خاتون ہلاک ہو گئیں، موسلادھار بارش اور آندھی سے کئی کچے مکانوں کی چھتیں اڑگئیں اور متعدد کھمبے اور درخت گرگئے۔ 2010کے زلزلے کے بعد سے کیمپوں میں مقیم افراد کو ان بارشوں اور طوفانی ہواوٴں سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.