27 اگست 2012
وقت اشاعت: 5:13
سمندری طوفان آئزک امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکراگیا
جیو نیوز - میامی… سمندری طوفان آئزک امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا اور اب جنوب سے ہوتا ہوا مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے،، طوفان کے باعث فلوریڈا کے جنوبی حصوں میں شدید بارشوں اور تیز ہواوٴں کا سلسلہ جاری ہے۔ طوفان کے خطرے کے پیش نظر ریاست فلوریڈا میں ہنگامی حالت نافذ کی جاچکی ہے اور ساحلی علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی بھی جاری ہے۔ جنوبی فلوریڈا میں 60 میل فی گھنٹا کی رفتار سے چلنے والی ہواوٴں اور موسلا دھار بارش نے نظام زندگی متاثر کیا ہے، متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ فلوریڈا کے گورنر کا کہنا ہے کہ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں اور مختلف علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کردیے گئے ہیں۔ طوفان کے خطرے کے پیش نظرری پبلکن پارٹی کا کنونشن بھی منگل تک موٴخر کردیا گیا ہے،چار روزہ کنونشن میں صدارتی امیدوار مٹ رومنی کی باضابطہ نامزدگی کی جانی تھی، دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق طوفان کے مغرب کی جانب بڑھنے سے فلوریڈا کے لیے خطرات کم ہوگئے ہیں اور خدشہ ہے کہ طوفان ریاست لوئیزیانا یا مسی سپی سے ٹکرا سکتا ہے، جس کے بعد لوئیزیانا کے شہر نیو آرلینز سمیت مختلف شہروں میں طوفان کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل آئزک طوفان ہیٹی اور کیوبا سے گزرا تھا، ہیٹی میں شدید بارشوں اور تیز ہواوٴں کے باعث مختلف حادثات میں 8افراد ہلاک ہوئے تھے۔