9 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 14:19
’ٹائی ٹینک‘ کے آخری ظہرانے کا مینو کارڈبھی نیلام ہوگا
نیویارک......اپنے پہلے ہی سفر کے دوران حادثے کا شکار ہوکرغرق ہوجانے والاشہرہ آفاق بحری جہاز’ ٹائی ٹینک‘ ایک ایسا موضوع ہے جو سو سال گزر جانے کے باوجود آج بھی انگنت لوگوں کے لئے دلچسپ اور پر اسرار بناہوا ہے۔
ایسے ہی افراد کیلئے ٹائی ٹینک سے جڑی تازہ خبر یہ ہے کہ اس پہلے اور آخری سفر کے دوران جہاز پر سوار لوگوں کے لئے ظہرانے میں جن کھانوں کا اہتمام کیا گیا اس کا مینو کارڈ نیلامی کے لئے پیش کیا جارہا ہے ۔ نیلامی کی تاریخ30ستمبر2015رکھی گئی ہے۔
یہی نہیں بلکہ آن لائن آکشن ہاؤس میں مینو کارڈکے ہمراہ جن دیگر انمول اشیاء نیلام کے لئے رکھی گئی ہیں ان میں حادثے میں بچ جانے والے خوش قسمت شخص کے ہاتھ سے لکھا ہوا خط،بد قسمت جہازمیں موجود ترکش حمام کا ٹکٹ اور وزن کرنے والی کرسی بھی شامل ہے۔
منتظمین کو مینو کارڈکی فروخت سے 50سے70ہزار ڈالر آمدنی کی توقع ہے۔1912ء میں بحیرہ اوقیانوس میں غرق ہونے والے ’ٹائی ٹینک‘ کا قیمتی مینو کارڈ فرسٹ کلاس میں سفر کرنے والے خوش قسمت مسافرابراہم لنکن سولومون نے لائف بوٹ (ریسکیو نمبر1)میں اترتے وقت محفوظ کر لیا تھا۔
ابراہم لنکن سولومون کی حادثے کے وقت عمر43سال چھ ماہ اور14دن تھی ۔وہ حادثے کے 47برس بعد تک زندہ رہے اور1959میں 90سال کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ابراہم لنکن سولومون جس ٹکٹ پر سفر کررہے تھے اس کا نمبر 111163تھا۔
رواں ماہ کی30تاریخ کو فروخت کیلئے پیش کئے جانے والے مینو کارڈ پر14 اپریل1912کی مہرایک سفید رنگ کے ستارے کے ساتھ ثبت ہے۔
مینو پر درج کھانوں میں کورن بیف( نمک لگا گوشت)،فرائی جیکٹ آلو جبکہ بوفے میں مچھلی،ہیم اور بیف،ایپل اور مونگ کی پیسٹری شامل تھی جو8مختلف چیز وں کے ہمراہ پیش کی گئی جبکہ دیگر کھانوں میں گرلڈ مٹن چوپ،کسٹرڈ اورپڈنگ شامل تھی۔
تحریر:محمد اویس عالم
1996ء سے جنگ گروپ سے وابستہ ہیں اورآج کل بطور سب ایڈیٹر آن لائن ایڈیشن دیکھ رہے ہیں۔