19 فروری 2016
وقت اشاعت: 3:23
دنیا کی سب سے بڑی لاٹری کی قرعہ اندازی، فاتح کون؟
نیویارک......دنیا کی سب سے بڑی ، ایک ارب انسٹھ کروڑ ڈالر کی تاریخی امریکی لاٹری کے فاتح کا اعلان کردیا گیاہے ۔ انتظامیہ کے مطابق انعامی رقم جیتنے والا ٹکٹ کیلی فورنیا میں فروخت ہوا۔
انتظار ختم ہوا،امریکا میں دنیا کی سب سے بڑی انعامی رقم کی پاور بال لاٹری کا علان کردیا گیا جس ٹکٹ پر ایک ارب انسٹھ کروڑ ڈالر کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا وہ ٹکٹ کیلی فورنیا میں فروخت ہوا۔ اتنی بڑی انعامی رقم جیتنے کیلئے نیویارک سمیت مختلف شہروں میں سخت سردی کے باوجود ٹکٹ خریدنے کے لیے دکانوں پر لوگوں کا رش رہا۔
لاٹری چلانے والی کمپنی کے مطابق جیتنے والا اگر فوری نقد رقم لے گا تو اسے ترانوے کروڑ ڈالر ملیں گے اور اگر قسطوں میں لینا چاہے گا تو اسے پوری رقم 29 سال میں سالانہ ادائیگی کی بنیاد پر دی جائے گی ۔
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ ڈیڑھ ارب ڈالر کی لاٹری کے فاتح کی قسمت جاگ جائے گی لیکن ہر بار ایسا نہیں ہوتا۔ بعض لوگوں کے لئے لاٹری کی بھاری بھرکم انعامی رقم بڑی مصیبتیں بھی لاتی ہے۔
پیسا ہی سب کچھ نہیں،لاٹری نکل بھی جائے لیکن قسمت کے در نہیں کھلتے۔ایسے ہی ایک صاحب عروج خان ہیں۔بھارت سے شکاگو منتقل ہونے والے عروج خان کی دوہزار بارہ میں دس لاکھ ڈالر کی لاٹری نکلی۔ انعامی رقم کا چیک لینے کے اگلے ہی روز ان کی موت واقع ہوگئی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے عروج خان کو زہر دے کر مارا گیا۔
فلوریڈا کے ابراہام شیکسپئر نے دوہزار نو میں تین کروڑ ڈالر کی لاٹری جیتی لیکن یہ رقم خرچ کرنے کی اسے زیادہ مہلت نہ مل سکی۔ اپریل میں اس کی دوست ڈی ڈی مُور نے ابراہام کو قتل کردیا ، اس کی لاش اگلے سال جنوری میں ملی۔ ڈی ڈی مُور کو عمر قید کی سزا ہوئی۔
یہی نہیں، لاٹری کی انعامی رقم نے ہنستے بستے گھر بھی اجاڑ دیئے۔ٹیکساس کے بلی بوب ہیرل جونیئر کے لیے تین کروڑ دس لاکھ ڈالر کی لاٹری مصائب کا نہ رکنے والا سلسلہ لائی۔ بلی بوب اور اس کی بیوی باربرا جین کے درمیان علیحدگی ہوئی اور پھر بلی بوب جونیئر نے خودکشی کرلی۔
فلوریڈا کی ڈونا کیمبل کو یہ شکوہ ہے کہ اس کے شوہرآرنِم رام داس نے چھ لاکھ ڈالر کی انعامی رقم جیتنے کی خبر ہی نہ ہونے دی۔ اُسے شک گزرا تو انٹرنیٹ پر سرچ کرکے شوہر کی پراسرار خاموشی کا راز ڈھونڈ نکالا۔ خاتون نے اب اپنے شوہر پر مقدمہ دائر کررکھا ہے ، اس کا مطالبہ ہے کہ لاٹری کی انعامی رقم میں اسے بھی حصہ بھی دیا جائے۔
البرٹا کے ایڈون ورکریک نے سولہ لاکھ ڈالر کی لاٹری جیتی۔ کچھ عرصے بعد میاں بیوی میں جھگڑا رہنے لگا۔ جوڈی نے الزام لگایا کہ اس کا شوہر بہت محبت کرنے والا تھا لیکن اب بات بات پر جھگڑتا ہے۔ باتیں بھی چھپانے لگا ہے۔ نوبت طلاق تک جاپہنچی ۔