21 فروری 2016
وقت اشاعت: 0:2
سوشل میڈیا پر محبت نے بھارتی کو سرحد پار پہنچا دیا
پشاور......سوشل میڈیا پرمحبت نے بھارتی شہری کو سرحد پار پہنچا دیا، حامدانصاری والدین کو افغانستان میں نوکری کا جھوٹ بول کر پاکستان آیا اور غیر قانونی داخلے پر گرفتار کرلیا گیا۔
سوشل میڈیا پر کی گئی محبت ایک بھارتی شہری کو بھارت سے افغانستان اورپھر وہاں سے پاکستان لے آئی۔27سالہ حامد انصاری ممبئی مینجمنٹ کالج میں ٹیچر تھا،اس کی والدہ کا کہناہے کہ وہ بہتر روزگار ملنے کا جھوٹ بول کر 2012ءمیں افغانستان گیا، اس کی سوشل میڈیا پر ایک پاکستانی لڑکی سےدوستی ہوئی،جو محبت میں بدل گئی اور اسی محبت کی خاطر وہ بھارت سے افغانستان اورپھر پاکستان گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں انسانی حقوق کمیشن نے اپریل 2014ءمیں حامد انصاری کے لاپتا ہونے سے متعلق اس کے اہل خانہ کی درخواست کا نوٹس لیا اور خیبرپختونخوا حکومت کو حامد انصاری کا پتا لگانے کی ہدایت کی۔ بھارتی ہائی کمیشن کے مطابق حامد انصاری جعلی دستاویزات پر پاکستان میں داخل ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے۔