تازہ ترین سرخیاں
 دلچسپ خبریں 
22 فروری 2016
وقت اشاعت: 6:24

سورج سے 570 ارب گنا زیادہ درخشاں سپر نوا ستارہ کی دریافت

نیویارک.... ماہرین فلکیات نے سورج سے 570 ارب گنا زیادہ درخشاں اور عام سپرنووا ستارے سے تقریباً 200 گنا زیادہ طاقتورسپرنووا ستارہ دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اب تک کا سب سے طاقتور سپرنووا ستارہ پہلی بار گزشتہ برس جون میں دیکھا گیا تھا اور اس میں سےاب بھی بے پناہ توانائی کی لہریں خارج ہو رہی ہیں۔

ماہرین کا بتانا ہے کہ اپنی انتہا پر یہ سپرنووا ستارا عام سپرنووا ستارے سے تقریباً 200 گنا زیادہ طاقتور ہے اور ہمارے سورج سے یہ 570 ارب گنا زیادہ درخشاں ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ یہ سپر نووا انتہائی تیز رفتاری سے گردش کر رہا ہے۔ گردش کے ساتھ ہی اس کی رفتار دھیمی ہوتی جا رہی ہے اور اس عمل کے دوران پھیلنے والی گیس اور دھول کے غبار میں سے بہت بڑی مقدار میں توانائی نکل رہی ہے۔

محققین کا خیال ہے کہ یہ دھماکہ اور اس کے بعد کی ساری سرگرمی کا باعث دراصل اس ستارے کے وسط میں واقع ایک انتہائی کثیف اور شدید مقناطیسی قوت کا حامل گولہ ہے جسے ’مینگیٹار‘ کہا جاتا ہے۔

اس گولے کی جسامت لندن جیسے کسی بڑے شہر کے برابر ہے اور یہ ممکنہ طور پر ایک سیکنڈ میں ایک ہزار مرتبہ جیسی تیز رفتار سے گردش کر رہا ہے۔

اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے پروفیسر کرسٹوفریوچینی اس سپرنووا ستارے کی تلاش کرنے والے ٹیم میں شامل تھے۔وہ بتاتے ہیں کہ مرکز میں یہ بہت ٹھوس ہے۔

ممکنہ طور اس کا درمیانی حصہ ہمارے سورج کے برابر ہے اور جس علاقے میں یہ اپنی توانائی چھوڑ رہا ہے وہ ہمارے سورج سے پانچ یا چھ گنا زیادہ بڑا ہے اور یہ باہر کی طرف دس ہزار کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔‘

اس سپرنووا کے متعلق معلومات سائنس جرنل میںبھی شائع کی گئی ہیں۔اب تک کے سب سے زیادہ طاقت ور سمجھے جانے والے اس سپرنووا کی تلاش سکائی آٹومیٹیڈ سروے فار سپرنووا نے زمین سے قریب تین اعشاریہ آٹھ ارب نوری سال دور ہے۔

ماہرین فلکیات کو آسمان میں ہونے والے تاروں کے ان بڑے دھماکوں کی طرف ہمیشہ ہی سے دلچسپی رہی ہے اور وہ ان کی حرکات و سکنات پر نظر رکھتے ہیں۔

ہماری کائنات کی ترقی اور وسعت کیسے ہوئی، یہ سمجھنے میں سپرنوا ایک اہم کڑی ثابت ہو سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق اس سپرنووا کا اصل ستارہ بھی کافی بڑا رہا ہو گا یعنی ممکنہ طور ہمارے سورج کے مقابلے میں 50 سے 100 گنا تک زیادہ بڑا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.