تازہ ترین سرخیاں
 دلچسپ خبریں 
11 مارچ 2016
وقت اشاعت: 5:17

وکی پیڈیا پر کون، کیسے اور کتنا کام کرتا ہے؟

کراچی......ساگر سہندڑو......یہ ممکن ہے کہ آپ انٹرنیٹ پر کسی معلومات کے لئے گوگل پر کوئی چیز ڈھونڈ رہے ہوں اور آپ کو مطلوبہ معلومات گوگل سرچ انجن کی دی گئی تیسری یا چوتھی وکی پیڈیا کی پوسٹ پر مل جائے ۔

دنیا کے تمام لوگوں کو مفت معلومات کی فراہمی تک رسائی دینے والی وکی پیڈیا کو امریکی ریاست ایلاباما کے رہائشی 49 سالہ جیمی ویلزاورایلاسکا کے رہائشی 47 سالہ لیری مارک سینگر نے 15 جنوری 2001 میں شروع کیا جو آج پندرہ سال بعد دنیا کی دس بڑی ویب سائٹس میں سے ساتویں نمبر پر رہنے والی مقبول ویب سائٹ بن چکی ہےجس کے ذریعے دنیا کے30 فیصد لوگوں نے دنیا کو جانا ہے۔

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ کے مطابق وکی پیڈیا پر 2015 ءکے آخر تک دنیا کی 250مختلف زبانوں میں تین کروڑ 80 لاکھ سےزائد مضامین دستیاب تھے جبکہ وکی پیڈیا پر یومیہ کم سے کم 7ہزار مضامین کا اضافہ ہو رہا ہے۔ دنیا بھر میں وکی پیڈیا کے 2 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ایڈیٹرز موجود ہیں جن میں سے 80ہزار ایڈیٹرز وکی پیڈیا کے متحرک ایڈیٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔وکی پیڈیا پر موجود تمام مضامین کو کسی بھی ملک کا کوئی بھی شخص کسی بھی وقت ایڈٹ کر سکتا ہے۔

وکی میڈیا فائونڈیشن کے تحت چلنے والے وکی پیڈیا کو جیمی ویلز اور لیری مارک سینگر نے غیر منافع بخش ادارے کے طور پر دنیا بھر کے لوگوں تک معلومات کی عام رسائی کے لئے شروع کیا اور آج وکی پیڈیا دنیا کا سب سے بڑا معلومات فراہم کرنے والا آن لائن ادارہ بن چکا ہے۔ وکی پیڈیا کے دنیا بھر میں ماہانہ 18بلین مضامین پڑھے جاتے ہیں جبکہ یومیہ لاکھوں کی تعداد میں مضامین ایڈٹ ہوتے رہتے ہیں۔

وکی پیڈیا سے متعلق ایک دلچسپ حقیقت کے مطابق وکی پیڈیا کے رجسٹرڈ ایڈیٹرز میں سے90 فیصد ایڈیٹر مرد ہیں جس وجہ سے وکی پیڈیا پر جنسی تفریق بھی دیکھنے میں آئی ہے لیکن وکی پیڈیا پر موجود معلومات کی بھرمار کے باعث یہ تفریق نظر نہیں آتی۔ وکی پیڈیا کی مدد سے تحقیق کرنےوالی برطانوی طالبہ ایملی ٹیمپل کے مطابق انہوں نے برطانوی شاہی خاندان کی خواتین سمیت کم سے کم 40ہزار خواتین سائنسدانوںسے متعلق کوئی بھی معلومات وکی پیڈیا پرموجود نہیں تھی جس کے بعد انہوں نے خواتین سیاستدانوں سے متعلق وکی پیڈیا پر الگ صفحہ تیار کیا۔

گزشتہ 14سال میں وکی پیڈیا پر اربوںالفاظ پر مشتمل مضامین لکھے گئے ہیں جن میں ایک کروڑ اسی لاکھ سے زائد کتابوں اور اخبارات سمیت دیگر ذرائع کو معلومات فراہم کرنے کا ذریعہ بتایا گیا ہے۔ وکی پیڈیا پر دستیاب مواد 51 لاکھ گھنٹوںکے برابرہے اور اگر وکی پیڈیا پر موجود الفاظ کو300 الفاظ ایک منٹ کی رفتار سےمسلسل پڑھا جائے تو 19 سالوں تک وکی پیڈیا کے تمام مضامین کو پڑھا جا سکے گا۔

دنیا بھر کے 24 فیصد لوگ اپنی تعلیم سے متعلق تحقیقات بھی وکی پیڈیا کے ذریعے ہی کرتے ہیں جب کہ یہ دنیا کا واحد معلومات فراہم کرنے والا ذخیرہ ہے جس میں اساتذہ، سیاستداں، قانونداں، سائنسداں، صحافی اور طلبہ سمیت دیگر شعبہ جات کے لوگوںنے معلومات دیتے وقت ہر طرح کے حوالے دیئے ہیں۔

وکی پیڈیا کا بنیاد رکھتے ہوئے غیر جانبدار معلومات فراہم کرنے کا طریقہ کاربھی متعارف کرایا گیا جس کے بعد ایک ہی سال کے اندر وکی پیڈیا پر 20ہزار سے زائد انگریزی زبان کے مضامین موجود تھے۔ اگلے ایک سال میں وکی پیڈیا کو مزید 26زبانوں میں متعارف کرایا گیا۔ 2003ء تک وکی پیڈیا دنیا کی 46مختلف زبانوں میں موجود تھا اور آج وکی پیڈیا پاکستان کی قومی زبان اردو سمیت ملک کی دیگر بڑی زبانوں سندھی اورپنجابی سمیت دنیا کی 250 زبانوں میں دستیاب ہے۔

وکی پیڈیا کسی بھی ایڈیٹر کو کوئی تنخواہ نہیں دیتا اور نہ ہی کسی ملک کی نمائندگی کرتا ہے اس لئے انگریزی، جرمن، ہسپانوی، پورچوگیزی، فرینچ، چینی، رشین اور ہندی زبانوں کے مقابلے میںدوسری زبانوں کے انتہائی کم صفحات دستیاب ہیں۔ اردو، سندھی اور پنجابی سمیت پاکستان کی دیگر زبانے بولنے والے تعلیم یافتہ افراد کو اپنے ملک، تہذیب اور ثقافت کے حوالے سے مضامین لکھنے کے لئے آگے آنا پڑے گا۔

وکی پیڈیا کی 10بڑی زبانوں میں انگریزی سرفہرست ہے جس میں 50لاکھ سے زائد مضامین موجود ہیں جبکہ سوئیڈش زبان دوسرے نمبر پر ہے جس میں 27 لاکھ سے زائد مضامین موجود ہیں۔ جرمن چوتھے، ڈچ پانچویں، فرینچ چھٹے، رشین ساتویں جب کہ چائنیز پندرہویں نمبر پر ہے۔ وکی پیڈیا کی 20بڑی زبانوں میں ہندی، اردو، عربی، سندھی اور پنجابی شامل نہیں ، جس کی وجہ وکی پیڈیا پر ان زبانوںکے مواد کا نہ ہونے کے برابر حصہ ہے۔

وکی پیڈیا پر موجود معلومات پڑھتے وقت ہر کسی کے ذہن میں معلومات کے غلط یا صحیح ہونے سے متعلق کئی سوالات جنم لیتے ہیں کیوں کہ بظاہر وکی پیڈیا معلومات دینے کا منظم ادارہ نہیں ہے اور نہ ہی اس کی کوئی پالیسی ہے۔ وکی پیڈیا پرصحیح یا غلط معلومات دینے کا دارومدار دنیا کے مختلف ممالک، مذاہب، قومیتوں اور زبانیں بولنے والے ا ن کروڑوں ایڈیٹرز پر ہے جو وکی پیڈیا پر معلومات کے مفت میں مضامین تحریر کرتے ہیں لیکن وکی پیڈیا کی معلومات کوغیر حقیقی نہیں کہا جاسکتا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.