8 اپریل 2016
وقت اشاعت: 22:39
پھانسی سے بچنے کیلئے خاتون قیدی کا انوکھا طریقہ ،حکام بھی چکراگئے
ہنوئی .....ویتنام کی جیل میں انوکھاواقعہ پیش آگیا جہاں پھانسی سے بچنے کے لیے خاتون قیدی حاملہ ہوگئی جس پر حکام بھی چکراکررہ گئے اور پھانسی مؤخرکردی جبکہ غفلت برتنے کے الزام میں جیل کے چار اہلکاروں کو معطل کردیاگیا۔
اماراتی میڈیا کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں سزائے موت کی قیدی خاتون کے حاملہ ہونے کے بعد شمالی ویتنام کی جیل میں تعینات چارمحافظوں کو غفلت برتنے کے الزام میں معطل کردیاگیاجبکہ بچے کی پیدائش کے بعد خاتون کی سزائے موت عمرقید میں بدل جائے گی۔
42سالہ نگوین دی ہوئی کو 2012ء میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیاگیا اور 2014 میں سزائے موت سنائی گئی اور اسی سال ہی عدالت نے اپیل مستردکی۔
رپورٹ کے مطابق اپنی اسیری کے دوران ہی ملزمہ نے ایک ساتھی قیدی کواپنے ارادے کو پائے تکمیل تک پہنچانے کے لئے مدد لی تھی جس کے لئے اس نے ساتھی قیدی کو 2300ڈالر بھی ادا کئے۔
دوماہ میں خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ بچے کی عمر تین سال سے کم ہونے کی وجہ سے ملزمہ کی سزائے موت عمر قید میں بدل جائے گی جبکہ اس دوران بھی اسے قانوناًپھانسی نہیں دی جاسکتی۔