13 اپریل 2016
وقت اشاعت: 7:59
بھارت ، یونیورسٹیز کی عمارات پر 207فٹ بلند پرچم لگانے کی ہدایات
کراچی ....بھارت کی قوم پرست حکومت نے ملک کی تمام جامعات کو تقریباً 20منزلہ عمارت جتنے بلند پرچم لہرانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام یونیورسٹیز بڑے بڑے قومی پرچم نمایاں انداز میں عمارتوں پر نصب کریں۔
یہ اقدام ملک بھر میں بڑے پیمانے پر جاری طلبہ کے مسلسل احتجاج کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں دارالحکومت نئی دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی کچھ طلبہ تنظیموں نے بھارت مخالف اور پاکستان کی حمایت میں نعرے لگائے تھے جس پر ایک یونین رہنما کنہیا لال کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
مرکزی حکومت کی امداد سے چلنے والی ملک بھر کی 46یونیورسٹیز نے ان ہدایات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرادی ہے ۔ حکومت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے یہ یقین دہانی وزیر تعلیم اسمیرتی ایرانی کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس میں کرائی گئی۔
وزارت تعلیم سے منسلک ایک عہدیدار نے برطانوی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ہدایات میں واضح طور پر کہاگیا ہے کہ عمارتوں پر کم ازکم 207فٹ بلند پرچم یونیورسٹیز کی عمارات پر لہرائیں۔
یہ امربھی دلچسپ ہے کہ207فٹ کی بلندی ،امریکی مجسمہ آزادی کے مساوی ہے جبکہ بھارت میں اب تک جو بڑے سے بڑا پرچم بنا ہے اس کی لمبائی بھی محض 90فٹ اور وزن 35کلو تھا۔