13 اپریل 2016
وقت اشاعت: 22:34
اوبامہ نہ بنیں ،سگریٹ نوشی ترک کردیں،روس میں اشتہار
ماسکو........روس میں انسداد تمباکو نوشی کی ایک مہم بڑے زور وشور سے جاری ہے جس میں شہریوں کو سگریٹ کے نقصانات سے آگاہی کیلئے امریکی صدر باراک اوباما کا سہارا لیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ماسکو کے بس اسٹاپ پر امریکی صدر باراک اوباما کے سگریٹ نوشی کرتے ہوئے پوسٹرز آویزاں کئے گئے ہیں۔ ان پوسٹرز پر تحریر ہے کہ تمباکو نشوی ترک کر دیں، اوباما کی طرح نہ بنیں۔پوسٹرز پر یہ بھی تحریر ہے کہ تمباکو نوشی نے امریکی صدر باراک اوباما سے زیادہ لوگوں کا قتل کیا اگرچہ اوباما بھی بڑی تعداد میں انسانوں کا قتل کر چکے ہیں۔
انسداد تمباکو نوشی کی اس تصویر کو روسی ممبر پارلیمنٹDmitry Gudkov نے اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ماسکو کی سڑکوں پر نظر آنے والی یہ تشہیری مہم انتہائی نفرت انگیز اور شرمناک ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اس تشہیری مہم کے پیچھے کون ہے تاہم بعض حلقے اسے حال ہی میں طلبہ کی جانب سے یوٹیوب پر جاری کی گئی ان ویڈیوز کا حصہ سمجھ رہے ہیں جس میں امریکی صدر اوباما کے جرائم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔