14 اپریل 2016
وقت اشاعت: 22:26
رنگ برنگی دنیا کے رنگ برنگے تہوار
کراچی ....مدیحہ بتول....ایک لمحے کے لئے سوچئے اگر تہوار نہ ہوتے تو زندگی کتنی پھیکی پھیکی اور بے رنگ ہوتی۔ حقیقت یہ ہے کہ تہوارکسی بھی قوم کی ثقافت اورروایات کے اظہار کا سب سے بڑا ذریعہ ہوتے ہیں۔۔۔اور یہ بھی سچ ہے کہ تہوارمنانے کا ہر قوم کا اپنا ایک منفرد اور انوکھا انداز ہوتا ہے۔
آیئے آج کچھ رنگ برنگی تصویروں کے ذریعے دنیا گھومتے اور اس سیارے پر بسنے والے لوگوں کے کچھ انوکھے اور دلچسپ تہواروں کے بارے میں جانتے ہیں:
جشن سال نو
چین میں نیاسال اہم ترین تہوار کا درجہ رکھتا ہے ۔نیاسال ہو اور جشن نہ منایا جائے یہ چینیوں کے لئے ممکن نہیں۔ سال نو کا یہ جشن چینی کلینڈر کےحساب سے آخری مہینے کی آخری تاریخ سے شروع ہو کر نئے سال کے پہلے مہینے کی 15تاریخ تک چلتا ہے ۔ تہوارکے روز چینی عوام اپنا روایتی لباس زیب تن کرتی ہے ۔ اس پرڈریگن کی شکل کا مخصوص ماسک پہنا جاتا ہے ۔ اسے پہن کر لوگ گلیوں میں نکل جاتے ہیں ۔ اس موقع پر گلیوں کو بھی پھولوں سے سجایا جاتاہے،آتش بازی بھی کی جاتی ہے جس سے جشن کو چار چاند لگ جاتے ہیں۔
ڈے آف دی ڈیڈ
میکسیکو میں ہونے والے اس تہوار کے دوران خاندان کے مرحوم لوگوں اور دوستوں کو یادکیا جاتا ہے اور اپنے پیاروں کے لئے خصوصی دعا کی جاتی ہے۔یہ تہوار31 اکتوبر سے شروع ہو کر2نومبر تک جاری رہتا ہے۔اس دن لوگ اپنے پیاروں کی قبروں پران کی پسندیدہ کھانے کی اشیاء اورمشروبات لے جاتے ہیں۔قبروں پر اپنے ہمراہ ڈھانچے لانے کابھی رواج ہے جو ایک غیر معمولی رسم ہے۔
بل فائٹنگ یعنی بیلوں کی دوڑ
یہ اسپین کا بہت ہی غیر معمولی اور خطرناک تہوار ہے جو 6جولائی سے14جولائی تک جاری رہتا ہے۔اس تہوار میں لوگ درجنوں بیل میدان میںکھلے چھوڑ دیتے ہیں اور ان کے آگے بھاگتے ہیں۔اس طرح بیلوں میں بھگدڑ کا سماں پیدا ہو جاتا ہے۔اگرچہ اس جشن کے دوران سالانہ دو سو کے قریب لوگ زخمی بھی ہوتے ہیں مگر یہ ان کے لیے تفریح کا ایک ذریعہ ہو تا ہے۔
مچھلیاں اچھالنے کا انوکھا تہوار
یہ آسٹریلیا کا انوکھا تہوار ہے۔اس ورلڈ چیمپئن شپ ٹونا ٹاس مقابلے میںمرد اور خواتین حصہ لیتے ہیں جس میں انہیں ٹونا مچھلی کو دور تک پھینکنا ہوتا ہےجو سب سے زیادہ فاصلے تک مچھلی کو اچھالے گا وہی مقابلے کا فاتح قرار پائے گا۔یہ تہوار جنوری کے اختتام پرمنعقد کیا جاتا ہے۔
روشن مشعلوں کا تہوار
یہ اسکاٹ لینڈ کا خاص تہوار ہے ۔ جنوری کے آخری ہفتے میں منگل کے روز لوگ ہاتھ میں مشعل اٹھاکر جلوس کی صورت میں مارچ کرتے ہیں۔
وینس کارنیول
یہ اٹلی کا نو سو سال قدیم کارنیول ہے جو فروری سے شروع ہو کر مارچ میں اختتام پذیر ہوتا ہے۔اس کارنیول میں لوگ تمام پابندیوں سے آزاد ہوتے ہیں۔لوگ ’مسخرے‘کا روپ دھار لیتے ہیں اور مخصوص ماسک پہن لیتے ہیں۔ان دنوں ان کو اپنی من مانی کرنے کی مکمل آزادی ہوتی ہے۔
شیطانی قوتوں سے نجات کا تہوار
یہ تہوار تائیوان میں کسی بھی شیطانی قوتوں اور بیماریوں کو دور بھگانے کے لئے منایا جاتا ہے۔ اس دن دارالحکومت تائے پئے کومخصوص لالٹین اور موم بتیوں کی مدد سےخوبصورت اندازمیں سجایا جاتا ہے۔آسمان پر معلق روشنیاں دلکش منظر پیش کرتی ہیں۔یہ جشن فروری اور مارچ کے درمیان منعقد کیا جاتا ہے۔
ٹماٹر اچھالنے کا پُر لطف تہوار
اسپین میں ہونے والایہ تہواربہت ہی پر لطف ہوتا ہے ۔اس میں لوگ ایک دوسرے کو ٹماٹر ماکر خوشی کا اظہارمسرت کرتے ہیں۔اس تہوار کا اسپین کی کسی قدیم روایت سےکوئی تعلق نہیںاور یہ اگست کے آخری بدھ کو منایا جاتا ہے۔
پانی پھینکنے کا تہوار
یہ تہوار عام طور پر تھائی لینڈ میںسب سے زیادہ گرم دنوںمیں منعقد کیا جاتا ہے۔اس میں لوگ ایک دوسرے کے اوپر پانی پھینکتےہیںجس میں واٹر گن اورغباروں کا استعمال کیا جاتاہے۔یہاں چاک اور مینتھول، ایک دوسرے کے چہروں پر ملنے کی بھی رسم مشہور ہے۔
رقص کرنے کا تہوار
یہ 6 روزہ میلہ ہنگری میں لگتا ہےجسےکروشیائی باشندے جشن کے طور پر مناتے ہیں۔ اس دن لوک موسیقی کی دھن پر رقص ہوتا ہے ۔اس دن لوگ روایتی ماسک پہن کر بڑی تعداد میں اس رقص میں شامل ہوتے ہیں۔
دنیا کا سب سے بڑاغباروں کا تہوار
یہ امریکہ کا 9 روزہ میلہ ،دنیا کا سب سےبڑا بیلون فیسٹیول کہلاتاہے جس میں ساڑھے سات سوغبارے ایک ساتھ ہوا میں چھوڑے جاتے ہیں ۔جس کے بعد آسمان پررنگ ہی رنگ بکھر جاتے ہیں ۔
جے پور کا ہاتھیوں سے منسوب تہوار
ہاتھی بھارت کے شہر،راجستھان میں بادشاہت کی علامت سمجھےجاتےہیں ۔ہندوستان کے خاص تہوار، ہولی والے دن میلہ لگایا جاتا ہے جس میں مختلف رنگوںسےآراستہ ہاتھیوں کو لایا جاتا ہے۔
مٹی میں کھیلنے کا تہوار
جنوبی کوریا میں لوگ اس تہوار پرکھیلوں کا میلہ لگاتےہیں۔ چکنی مٹی سے بھرے ، بڑے سے ٹب میں دلچسپ مقابلہ یہاں کاپسندیدہ کھیل ہے۔