1 جون 2011
وقت اشاعت: 11:35
پنجاب پولیس،اے ایس آئی کے بھرتی ٹیسٹ،ہزاروں نوجوان شریک
اے آر وائی - لاہور : پنجاب پولیس میں اے ایس آئی کی بھرتیوں کے لئے نو شہروں میں بیک وقت تحریری ٹیسٹ لیا گیا ۔ بے روزگاری کا یہ عالم ہے کہ ایم اے اور ایم فل کیے ہوئے نوجوان بھی ان امتحانات میں شریک ہوئے ۔
گوجرانوالہ میں جناح سٹیڈیم، فیصل آباد میں اقبال سٹیڈیم، ساہیوال، بہاولپور، ملتان ڈیرہ غازی خان، اور سرگودھا میں پولیس لائنز میں تحریری امتحان لیا گیا جہاں بڑی تعداد میں نوجوان اپنی قسمت آزمانے آئے۔ روالپنڈی میں ڈی پی ایس اسکول مری روڈ، اور لاہور میں یو ای ٹی میں ٹیسٹ لیا گیا۔راولپنڈی ڈویژن کی ایک سو بیس آسامیوں کے لیے چھ ہزار تین سو نوجوانوں نے شرکت کی ایسے امیدوار بھی تھے جو ایم اے اور ایم فل تھے تاہم روزگار نہ ملنے کی وجہ سے پولیس میں بطور اے ایس آئی بھرتی کے لیے ٹیسٹ میں شریک ہوئے ۔
امتحان کی مد میں چار سو روپے فی امیدوار وصول کیئے گئے جس سے پبلک سروس کمیشن کو پچیس لاکھ بیس ہزار روپے آمدنی ہوئی۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں ایک سو تیراسی آسامیوں کے لیئے پندرہ ہزار چار سو سے زائد امیدوار شریک ہوئے ۔