14 اگست 2012
وقت اشاعت: 11:8
فاطمہ ثریابجیا اور انور مقصود کیلئے ہلال امتیاز
اے آر وائی - بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈرامہ نگار فاطمہ ثریا بجیااور دانشور و اداکار انور مقصود کو حکومت پاکستان کی جانب سے ہلال امتیاز دیاجائے گا۔
انور مقصود اور فاطمہ ثریا بجیا دو ایسے نام ہیں جن کا ذکر کئے بغیرپاکستانی ٹیلی ویژن کی تاریخ مکمل نہیں ہوتی۔انور مقصودبھی نہ صرف اداکار،مصور اور شاعر ہیں بلکہ دانشور کی حیثیت بھی رکھتے ہیں۔انور مقصود نے اپنے پینتیس سالہ دور میں معاشرے کے اہم معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا ہے۔ ان کے کیے گئے تمام پروگرام ناظرین میں بے پناہ مقبول اور پاکستان ٹیلی ویژن کی پہچان بنے۔
اہم معاشرتی مسائل کو انتہائی سادہ اور ہلکے پھلکے مزاحیہ انداز میں ناظرین کے سامنے پیش کرنا کمال ہے۔ اپنے اسی انداز کی وجہ سے وہ پاکستان ٹیلی ویژن کے مداحوں کی پسندیدہ شخصیات میں سے ایک ہیں۔
انور مقصودنے اے آروائی ڈیجیٹل کے ساتھ طویل عرصہ کام کیا ہے۔ان کے مشہو پروگرام ”لوز ٹاک“ میں معین اختر کے ساتھ ان کی جوڑی نے پسندیدگی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔
ایک لکھاری۔ڈرامہ نگار اور ناول نگارتلخ حقیقتوں کو نرم لفظوں کی زبان سے سمجھانا فاطمہ ثریا بجیا سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔ان کے لکھے ہوئے ڈاموں نے ریڈیو ٹی وی اور اسٹیج کو نئی سوچ دی۔حب الوطنی کے جذبے سے سرشار فاطمہ ثریا بجیا نے ہمیشہ اچھائیوں کو روشن کیا۔