28 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 11:21
بھارتی اداکار رنویر سنگھ ڈینگی میں مبتلا، حالت تشویشناک ،اسپتال منتقل
جیو نیوز - ممبئی … بالی ووڈ کے اُبھرتے ہوئے اداکار رنویر سنگھ ڈینگی بخار کا شکار ہوگئے ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں ممبئی کے ایک اسپتال منتقل میں کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق رنویر سنگھ اپنی نئی آنیوالی فلم ”غنڈے“ کی عکس بندی میں مصروف تھے کہ انہیں اچانک شدیدبخار محسوس ہوا تاہم بگڑتی ہوئی طبیعت کو نظر انداز کرتے ہوئے انہوں نے فلم کی شوٹنگ جاری رکھی۔ بخار کے شدت اختیار کرجانے کے باعث طبیعت مزیدبگڑ ی تورنویر کو سیٹ پر موجود لوگ فوری طور پر اسپتال لے آئے جہاں ٹیسٹ کے بعد ان میں ڈینگی بخار کی تشخیص ہوئی۔ بخار کی حالت میں بھی فلم کی عکس بندی میں مصروف رہنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹرز نے کہاکہ رنویرسنگھ کو ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد دی جا رہی ہے تاہم ان کی حالت اب تک سنبھل نہیں پائی، اس لئے حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا ہے کہ وہ کب تک مکمل صحت یاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ کے آنجہانی ہدایت کار یش چوپڑا بھی گزشتہ برس اس مہلک بیماری کا شکار ہو کراپنی جان کی بازی ہار گئے تھے۔