2 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 7:59
بھارتی فلمسازوں میں تخلیقی صلاحیتوں کی شدید کمی ہے،عرفان خان
جیو نیوز - ممبئی …این جی ٹی …بالی ووڈ اور ہالی و وڈ میں اپنی ورسٹائل اداکاری کے ذریعے منفرد شناخت بنانے والے عرفان خان نے کہا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں بننے والی فلمیں تخلیقی صلاحیتوں کی شدید کمی کا شکار ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ1950اور 60 کے عشرے میں بننے والی انڈین فلموں کی کہانی ناصرف خالصتاً بھارتی عوام کو درپیش مسائل کے گِرد گھومتی تھی بلکہ فلموں کے گانوں اور اسکرپٹ میں استعمال ہونیوالی زبان کو تخلیقی طریقے سے استعمال کیا جاتا تھا۔ عرفان نے کہا کہ بالی ووڈ میں اب ماضی کی فلموں جیسی بات نہیں رہی، دورِ حاضر کی فلمیں دیکھنے والوں کے دل پر کوئی مثبت اثر نہیں چھوڑتیں، فلموں میں گانے سین کی مناسبت کو نظر انداز کرتے ہوئے استعمال کیے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں دیکھتے ہیں اور بھول جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر بھارتی سینمااپنے100 سال مکمل کر پایا ہے تو اس کی واحد وجہ یہ ہے کہ بھارتی عوام کے پاس تفریح کا کوئی اور ذریعہ نہیں۔