3 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 6:17
بالی ووڈ فلم ’ستیا ٹو‘ کا ٹائٹل سونگ اور پرومو جاری
جیو نیوز - ممبئی …این جی ٹی …1998میں انڈر ورلڈ گینگسٹر پر بننے والی بلاک بسٹرفلم ستیا کاسیکوئل بہت جلد سینما گھروں کی زینت بننے جارہا ہے جس کے دو گانوں’ستیا ٹو ٹائٹل سونگ‘اور تو نہیں‘کی وڈیوز سمیت پانچ منٹ کانیا پروموبھی جاری کردیا گیا ہے۔"ستیا"کے بولوں پر مبنی گانے کو سنجیو راٹھور،درشن راٹھور اور آراگھ بینرجی جبکہ"تو نہیں"کے بولوں پر مبنی گانے کو لیونارڈ وکٹر اور شویتا پنڈت کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس کا میوزک موسیقار جوڑی سنجیواور درشن کے ساتھ نیتن ریکوار نے ترتیب دیا ہے۔ہدایتکار رام گوپال ورما کی انڈر ورلڈ کے گرد گھومتی اس فلم کو ایم سمانتھ کمار ریڈی نے پروڈیوس کیا ہے جس کی کہانی ستیا سے یکسر مختلف ہے جبکہ اس کی کاسٹ میں بھی زیادہ تر نئے اداکار شامل کیے گئے ہیں۔1998کے ستیا کی کہانی ممبئی آنے والے شخص کے گرد گھومتی تھی جو اس وقت کی انڈر ورلڈ دنیا میں پھنس کر رہ جاتا ہے تاہم2012کی ستیا ٹو کی کہانی ایسے شخص کے گرد گھوم رہی ہے جو ممبئی آنے کے بعدجرائم کی دنیا انڈر ورلڈکو اپنے رنگ میں ڈھال دیتا ہے۔جرائم کی دنیا کے گرد گھومتی ایکشن اور تھرل سے بھرپور رام گوپال ورما کی یہ فلم رواں سال25 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائیگی۔