27 مارچ 2015
وقت اشاعت: 2:44
لاہور غزل فیسٹیول: جونئیر و معروف گلوکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا
جیو نیوز - لاہور.......غزل گائیکی کے سروں اور چاشنی سے شائقین کو لطف اندوز کرنے کے لئے لاہور میں دو روزہ غزل فیسٹیول کا آغاز ہو گیا۔ پہلے روز جونئیر اور معروف گلوکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا۔ لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام الحمرا ہال میں شروع ہونے والے غزل فیسٹیول کو شہنشاہ غزل مہدی حسن کے نام منسوب کیا گیا ہے۔ فیسٹیول کے پہلے روز ابھرتے گلوکاروں کے ساتھ ساتھ غزل گائیکی میں اپنی پہچان بنانے والے گلوکاروں نے بھی پرفارم کیا اور شائقین سے خوب داد پائی۔ کئی گلوکاروں نے مہدی حسن کے گیت گا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا، تو کئی گلوکاروں نے اپنی ہی گائی غزلیں سنا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔ غزل فیسٹیول کے دوسرے روز بھی کئی نامور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور مہدی حسن کو اپنے اپنے انداز میں ٹریبیوٹ پیش کریں گے۔