29 مارچ 2015
وقت اشاعت: 6:59
بلوچستان اسپورٹس فیسٹیول میں مختلف تقریبات کا سلسلہ جاری
جیو نیوز - کوئٹہ ......بلوچستان اسپورٹس فیسٹیول میں مختلف تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔اس دوران فنکاروں کا دن بھی منایاگیا،جس میں موسیقی کے روایتی آلات سروز، دمبورا ، رباب اور نڑسر پر علاقائی موسیقی کےسُر بکھرےاورلوک فنکاروں نے مخصوص گائیگی سے سماں باندھ دیا ۔ صوبائی حکومت کی جانب سے بلوچستان اسپورٹس فیسٹیول کے سلسلے میں تقریبات جاری ہیں ،جن کے دوران صوبے کے لوک فنکاروں کی خدمات کے اعتراف میں آرٹس ڈےمنایاگیا اور محفل موسیقی کا اہتمام کیا گیا ۔محفل میں صوبے کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنےوالے فنکاروں نے علاقائی زبانوں میں خوبصورت گیت گا کر شرکا سے خوب داد سمیٹی۔ محفل موسیقی میں بلوچستان کے دوردراز ضلع کوہلو سے تعلق رکھنے والے فنکار اصغر مری اور میرا خان مری نے بلوچی موسیقی میں استعمال ہونے ہوالے مخصوص آلات نڑ اور سر کے ساتھ مشہور لوک داستان پر مبنی گیت لیلی پر پرفارمنس پیش کی تو حاضرین جھوم اٹھے۔