13 اپریل 2015
وقت اشاعت: 17:33
پاکستان میں گولڈ فنشنگ والے زیورات کا فیشن دوبارہ لوٹ آیا
جیو نیوز - اسلام آباد.......جویریہ صدیق.......23سال سے جیولری ڈیزائنگ سے وابستہ ڈیزا ئنر شہرزاد رحیم تولہ کے مطابق پاکستان میں دوبارہ روایتی جیولری کا فیشن واپس آرہا ہے۔ لوگ مختلف اسٹونز کے ساتھ گولڈ فنشنگ جیولری کو زیادہ پسند کررہے ہیں۔ شہرزاد کے مطابق اس وقت ایمرلڈ، سفایر، پرلز، ڈایمنڈ اور روبی خاص طور پر شادی بیاہ میں دلہنوں کی اولین پسند ہیں۔ ان کے مطابق دلہنوں کو شادی والے دن بہت سارے سیٹ پہنے سے اجتناب برتنا چاہیے، عروسی جوڑے کی مناسبت سے ایک ہی ہار منتخب کرکے پہنیں۔ انہوں نے کہا میری یہ کوشش ہوتی ہے کہ ایک ڈیزائن صرف ایک ہی کسٹمر کے لیے تیار کیا جائے۔ آج کل جیم اسٹونز کے ساتھ جوڑے کے ہم رنگ سیٹ تیار ہوجاتے ہیں جو دیکھنے میں بہت دیدہ زیب نظر آتے ہیں۔ جیولری ڈیزائنرشہرزاد نے کہا کہ جن خواتین کا چہرہ گول ہے انہیں چاہیے کہ وہ لمبے بندے پہنیں اور جن کا چہرہ بیضوی ہو وہ بڑے ٹاپس استعمال کریں۔ شادیوں میں اگر دلہن کے عروسی جوڑے کی قمیص سادی ہے تو اس پرلمبا ہار زیادہ مناسب رہے گا لیکن اگر قمیص کڑھائی سے بھری ہوئی ہے تو ہار کے بجائے وہ بندوں اور ماتھا پٹی پر زیادہ توجہ مرکوز کرے۔