6 مئی 2015
وقت اشاعت: 18:43
دبنگ سلمان خان بالی وڈ فلم انڈسٹری کا منفرد اداکار
جیو نیوز - ممبئی.........بالی وڈ انڈسٹری میں کئی ہیرو آئے،کوئی پہلا سپر اسٹار کہلایا تو کوئی جوبلی کمار کہلایا لیکن دبنگ خان،سلمان خان جیسا کوئی اسٹارآیا اور نہ ہی مستقبل میں کسی کے آنے کے آثار نظر آرہے ہیں۔عبد الرشید سیلم سلمان خان،جتنا لمبا چوڑا نام،اتنی ہی بھاری بھرکم شخصیت،بالی وڈ میں کئی ہیروز آئے اور گئے لیکن جو مقام اپنی فلموں کے ذریعے سلمان خان نے حاصل کیا وہ کسی کے حصے میں نہ آیا۔ جتنے مداح سلمان خان نے بنائے شاہد ہی کسی نے بنائے،بالی وڈ کی تاریخ کے دبنگ خان بھارتی سینما کو سوکروڑروپے کی 7فلمیں دینے والے پہلے اداکار ہیں۔ ان کی فلم دبنگ، ریڈی، باڈی گارڈ، ایک تھا ٹائیگر، دبنگ ٹو، جے ہو اور کک سو کروڑ سے زائد کمائی کرنے والی شاہکار فلمیں ہیں۔ یعنی سلمان خان نے صرف ان 7فلموں کے ذریعے ہی بالی وڈ کو مجموعی طور پرایک ہزار کروڑکا بزنس دیا،یہی نہیں ان کی متعدد فلموں نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھے،جن میں میں نے پیار کیا،کرن ارجن،ہم آپ کے ہیں کون،پیار کیا تو ڈرنا کیا،کچھ کچھ ہوتا ہے،ہم دل دے چکے صنم،تیرے نام جسیی فلمیں شامل ہیں۔ باکس آفس پر سوکروڑ کا چھکا لگانے والے اس اداکار کا شمار بالی وڈ کے مہنگے اداکاروں میں ہوتا ہے،جتنی شہرت انہیں بڑی اسکرین پر ملی اتنی ہی عزت چھوٹی اسکرین پر بھی ملی،جس شو کی میزبانی سلمان خان کے حصے میں آئی وہ شو کامیابی کی ضمانت بن گیا۔ سلمان خان 6 کروڑروپے کا معاوضہ لینے والے چھوٹی اسکرین کے مہنگے ترین میزبان قرار پائے۔ سلمان خان بالی وڈ کے سب سے مشہور غیر شادی شدہ سپر اسٹار ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق سرمایہ کاروں نے سونے کی اس چڑیا پرایک ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ ان کی دو فلموں کی شوٹنگ جاری ہے جن میں بجرنگ بھائی جان اور پریم رتن دھن پایو شامل ہیںجبکہ وہ 4فلمیں سائن کر چکے ہیں جن میں شدھی، سلطان، نو انٹری میں انٹری اور دبنگ تھری شامل ہیں۔ ان فلموں کے سرمایہ کار عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد دل تھامے اورسر پکڑے بیٹھے ہیں ۔