8 مئی 2015
وقت اشاعت: 8:59
ممبئی ہائی کورٹ نے سلمان کی سزا معطل کر دی
جیو نیوز - ممبئی.....ممبئی کی ہائی کورٹ نے فٹ پاتھ پر سوئے افراد پر گاڑی چڑھانے کے معاملے میں اداکار سلمان خان کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں دی گئی پانچ سال قید کی سزا معطل کر دی ہے۔ہائی کورٹ کے جج ابھے تھپسے نے یہ فیصلہ آج ضمانت کی درخواست کی سماعت کے بعد دیا۔بدھ کو ممبئی کی ہی ایک سیشن کورٹ نے سلمان کو غیر ارادی قتل کے جرم میں پانچ سال کی سزا سنائی تھی، لیکن حراست میں لیے جانے کے چند گھنٹے بعد ہی انھیں ہائی کورٹ سے 48 گھنٹے کی عبوری ضمانت مل گئی تھی۔سلمان خان کو دی گئی سزا کو ان کے وکلا نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ آج سماعت کے دوران جج ابھے تھپسے نے عدالت میں پولیس کانسٹیبل رویندر پاٹل کے بیان کی کاپی مانگی، جو کیس کے اہم عینی شاہد تھے۔سلمان خان کا دعویٰ ہے کہ وہ حادثے کے وقت گاڑی نہیں چلا رہے تھے بلکہ سٹیرنگ کے پیچھے ان کا ڈرائیور اشوک تھا۔جج نے استغاثہ سے یہ بھی پوچھا کہ واقعے کے وقت موجود گلوکار کمال خان کا بیان پولیس نے دوبارہ کیوں نہیں ریکارڈ کیا۔سلمان خان کے وکیل امت دیسائی کی دلیل تھی کہ ’سلمان خان حادثے کے وقت گاڑی چلا رہے تھے، یہ بات جج نے کہی ہے، استغاثہ اسے ثابت نہیں کر سکا۔سلمان پر الزام تھا کہ انھوں نے 28 ستمبر 2002 کی رات نشے میں اپنی گاڑی ممبئی کے علاقے باندرہ میں امریکن ایکسپریس بیکری کے کنارے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں پر چڑھا دی تھی۔اس واقعے میں ایک 38 سالہ شخص نور اللہ خان ہلاک اور چار زخمی ہوئے تھے۔سلمان خان کا دعویٰ ہے کہ وہ حادثے کے وقت گاڑی نہیں چلا رہے تھے تاہم سیشن کورٹ کے جج ڈی ڈبلیو دیش پانڈے نے کہا تھا کہ سلمان خان پر غیر ارادی قتل کا الزام ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سلمان ہی نشے میں گاڑی چلا رہے تھے اور ان کے خلاف تمام الزامات درست ثابت ہوئے ہیں۔