9 مئی 2015
وقت اشاعت: 3:32
کراچی آرٹس کونسل میں3روزہ سندھی ادبی اور ثقافتی میلہ سج گیا
جیو نیوز - کراچی.........آرٹس کونسل میں سجائی گئی ایک خوبصورت شام، جہاں سندھی ادب اور ثقافت کو اجاگر کرتے، رنگا رنگ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ سندھی ادبی اور ثقافتی فیسٹیول کا افتتاح وزیر ثقافت سندھ شرمیلا فاروقی نے کیا، شرمیلا فاروقی نے اسٹالز کا دورہ کیا اور وہاں موجود لوگوں سے ملاقات کی، فیسٹیول میں آنے والوں کا سندھ کی روایتی موسیقی اور لوک رقص سے استقبال کیا گیا۔ فیسٹیول میں مختلف اسٹالز لگائے گئے، جہاں ہاتھ سے بنے ظروف، دستکاری، کپڑے، سندھی ادب سے متعلق کتابیں، اجرک اور دیگر اشیا کی نمائش کی گئی۔ شرکا نے فیسٹیول کو بے حد پسند کیا، کہیں تھری خاتون چرخہ کاٹتی نظر آئیں، تو کہیں ہاتھ سے بنے مٹی کے ظروف بناتے کاریگر اپنی فنکاری کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیئے۔ اس موقع پر لوک فنکار جمن خان کے بیٹے نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا، سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرتا یہ رنگا رنگ میلہ 3دن تک جاری رہے گا۔