25 اگست 2015
وقت اشاعت: 20:59
برصغیرکے مایہ ناز گلوکار محمد رفیع کی آج 35 ویں برسی ہے
جیو نیوز - کراچی.......برصغیرکے مکمل پلے سنگر محمد رفیع نے کلاسیکی، نیم کلاسیکی ، یا پاپولر میوزک میں کوئی بھی ایسا میدان نہیں، جہاں دنیائے سازو سخن کا یہ شہوار نے اپنے جوہر نہ دکھا ئے ہو ۔آج اس عظیم کلاکار کی 35 ویں برسی ہے۔ محمد رفیع کی لافانی آواز،جو کل بھی زندہ تھی، آج بھی تازہ ہے، اور رہتی دنیا تک مہکتی اور سماعتوں میں رس گھولتی رہے گی۔ بھجن، قوالی، غزل، اور انسانی جذبوں کو چھوتے اور چھیڑتے ہوئے گیت، غرض فلمی گائیگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں، جس پر محمد رفیع کے انمٹ نقوش موجود نہ ہوں۔گائیگی کا یہ دمکتا آفتاب 24 دسمبر 1924 کو امرتسر کے کوٹلہ سلطان گاؤں میں طلوع ہوا اور 31 جولائی 1980 کو ممبئی میں غروب ہوگیا، مگر اس کی رسیلی روشنی آج بھی قائم و دائم ہے۔محمد رفیع نے لاہور ریڈیو پر پنجابی نغموں سے اپنا سفر آغاز کیا۔ موسیقار شیام سندر وہ جوہری تھے، جو اس ہیرے کے اولین قدردان بنے، اور انہوں نے محمد رفیع کو " بمبئی " آنے کی دعوت دی، یہیں سے رفیع کی فلمی گائیگی کا ناقابل فراموش سفر شروع ہوا۔ نوشاد، ایس ڈی برمن، مدن موہن ،اوپی نیر،شنگر جے کشن سمیت خطے کا کوئی موسیقار ایسا نہیں، جس نے محمد رفیع کی عظمت کو تسلیم نہ کیا ہو۔