28 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 14:20
نامور گلوکارہ نسیم بیگم کی 44ویں برسی کل منائی جائے گی
جیو نیوز - فیصل آباد......پاکستان فلم انڈسٹری کی نامور گلوکارہ نسیم بیگم کی 44ویں برسی کل29ستمبر بروزمنگل انتہائی عقیدت و احترا م سے منائی جائےگی۔ اس موقع پر ملک بھر کےفلم اسٹوڈیوز کی جانب سے خصوصی تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
نسیم بیگم نے فلم سہیلی،گلفام ، شہید ، شام ڈھلے، گھونگھٹ ،اولاد، باجی،سلمٰی، لٹیرا،فر نگی، پیغام ،حویلی، مادر وطن، زرقا سمیت سینکڑوں فلموں کیلئے بے شمار گیت گائے اور شہرت کی بلندیو ں کو چھوا ۔
’’ہم بھول گئے ہر بات‘‘، ’’نینوں میں جل بھر آئے‘‘، ’’ڈولے میرے پاؤں ، چھو لے میرے جھمکے‘‘، ’’سانوریا من بھائیورے‘‘، ’’سو بار چمن مہکا سو بار بہار آئی‘‘، ’’اس بے وفا کا شہر ہے اور ہم ہیں دوستو‘‘ اور ’’اے راہ ِحق کے شہیدو‘‘جیسے سدا بہار گیتوں نے نسیم بیگم کو امر کر دیا۔
گلوکارہ نسیم بیگم 1936ءمیں امر تسرمیں پیدا ہوئیں۔ انہوںنے موسیقی کا فن کلاسیکل گلوکارہ مختار بیگم سے سیکھا اور 1958ءمیں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔
ان کا پہلا گانا فلم ’’بے گناہ‘‘ کے لئے ریکارڈکیا گیا جس کے بول’’ نینوں میں جل بھر آئے‘‘تھے۔ نسیم بیگم کی آواز لتا منگیشکر اور سمن کلیان پور سے بے حد مماثلت رکھتی تھیں۔
انہیں ملکہ ترنم نور جہاں کا نعم البدل بھی تصور کیا جاتا تھا۔ انہوںنے 1960ءسے 1964ءتک بہترین خاتون گلوکارہ کے طور پر 4نگار ایوارڈز حاصل کیے۔
نسیم بیگم نے نامور موسیقاررشید عطرے اور اے حمید کی ترتیب دی ہوئیھنوں پر بے شمارگانے گائے جو بے حد مقبول ہوئے ۔وہ 1964ءمیں اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں جب انہوںنے فلم حویلی کیلئے گانا’میرا بچھڑا بلم گھر آگیا‘‘گایا۔
سدا بہار اور دل و دماغ میں ہمیشہ کیلئے نقش ہو جانے والے سینکڑوں خوبصورت نغمے گانے والی یہ دلفریب آواز29ستمبر 1971ءبروز پیر کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاموش ہو گئی۔