14 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 8:19
شیوسینا نے ہر بھارتی کا سر شرم سے جھکا دیا، مہیش بھٹ
جیو نیوز - اسلام آباد......بالی ووڈ فلم میکر اور ہدایتکار مہیش بھٹ نے کہا ہے کہ انتہاپسندجماعت شیوسینا نے بھارت نے دنیا کے سب سے بڑے سیکیولر ملک ہونے کے دعوے پرسیاہی مل دی ہے۔
مہیش بھٹ نے کہا کہ غلام علی جیسے عظیم غزل گو کے ساتھ جوسلوک ہوا اس پربھارتی عوام شرمندہ ہے اوراس کے بعد پاکستان کے سابق وزیرکی کتاب کی رونمائی تقریب کے آرگنائزرکے ساتھ جوسلوک کیا گیا یہ بہت تکلیف دہ عمل ہے۔ مگریہ بہت کم لوگ ہیں، پورے بھارت کی سوچ ایسی نہیں ، وہ پاکستانیوں کی طرح امن پسند اورپیار کرنے والے لوگ ہیں۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان اوربھارت کے تعلقات کی بہتری، پیارمحبت اوربھائی چارے کی بات کی ہے۔ جس کی وجہ سے مجھے بھی شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔ مجھ پرہونے والے حملے کے بعد حکومت کی جانب سے مجھے سیکورٹی فراہم کی گئی ہے لیکن یہ درست نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا دعویٰ ہے کہ ہم دنیا کے سب سے بڑے سیکیولر ملک سے ہیں اوریہاں ہرمذہب اورہر قوم کو اپنی بات کہنے کی آزادی ہے لیکن شیوسینا کی حرکت پرہربھارتی کا سرشرم سے جھک گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اوردنیا بھرکویہ بات بتا دینا چاہتا ہوں کہ شیوسینا کی سوچ پرچلنے والے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے۔ بھارت کے لوگ بھی اس واقعہ پربہت شرمندہ ہیں کیوں کہ غلام علی جیسے عظیم فنکارصدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ غلام علی جب بھی بھارت آتے ہیں توان کوبہت عزت دی جاتی ہے اوران کے فن کے قدردانوں کی بڑی تعداد یہاں بستی ہے مگراس کے باوجود جوواقعہ ان کے ساتھ پیش آیا وہ تکلیف دہ ہے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے سوشل میڈیا کے ذریعے شدید الفاظ میں اس کی مذمت کی ہے۔ مجھے امید ہے کہ بھارتی حکومت اس سلسلہ میں ضرورایکشن لے گی اوراس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔