4 نومبر 2015
وقت اشاعت: 8:21
پاکستانی اداکاروں کو بالی ووڈ میںکام سے نہیں روکا جا سکتا، سلمان خان
جیو نیوز - ممبئی......پاکستانی اداکاروں اور فنکاروں کو بھارت میں کام کرنے کی اجازت نہ دینے کی ہندو انتہاپسند تنظیم شوسینا کی دھمکی کے بعدبالی ووڈ کے دبنگ خان نے پاکستانی اداکاروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرٹ اور فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اس لئے پاکستانی فنکاروں کو بالی ووڈ میں کام کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
سلمان خان نے کہا آرٹ کو سیاست سے نہیں ملانا چاہئے کیوں کہ فنکار سرحدوں سے بالاتر ہوتے ہیں۔ آج کل کے ڈیجیٹل دور میں بھارت میں بیٹھ کر بھی ہزاروں لوگ پاکستان کے مقبول ٹی وی شوز، ڈرامے اور گانے دیکھتے اور سنتے ہیں جبکہ پاکستان میں بالی ووڈ کے ہزاروں پرستار موجود ہیں جن سے بھارت کی فلم انڈسٹری بہت پیسے کماتی ہے۔
بالی ووڈ کے ’بجرنگی بھائی‘ کا کہنا تھا کہ آرٹ پابندیوں سے بالاتر شعبہ ہے کون کیا دیکھنا چاہتا ہے اس پر پابندی لگانے والے دوسرے لوگ کون ہوتے ہیں۔سلمان خان نے شوسینا کا نام لئے بغیر پاکستانی فنکاروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اداکار بالی ووڈ کے کچھ پروجیکٹس کا حصہ ہیں اور انہیں کام کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہندو انتہا پسند تنظیم شو سینا کی دھمکیوں کے بعدپاکستانی کلاسیکل غزل گائیک غلام علی کا پروگرام منسوخ کردیا گیا تھا جبکہ شوسینا کی جانب سے بالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنے والے پاکستانی اداکار فواد خان اور مائرہ خان کو بھی بھارت میں کام نہ کرنے دینے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔