تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
7 نومبر 2015
وقت اشاعت: 9:47

کولکتہ انٹر نیشنل فلم فیسٹیول کا افتتاح پاکستانی فلم ’منٹو‘سے متوقع

جیو نیوز - ممبئی … مشتاق احمد سبحانی …اکیسواں کولکتہ انٹر نیشنل فلم فیسٹیول 14نومبر سے شروع ہوگااور 21 نومبر تک جاری رہیگا ۔ توقع ہے کہ اس سال فلمی میلے کا افتتاح پاکستانی فلم ”منٹو“ سے اور میگا اسٹار امیتابھ بچن کے ہاتھوں ہوگا جبکہ تقریب کی صدرمغربی بنگال کی وزیر ِاعلیٰ ممتا بینرجی ہوں گی۔

امیتابھ کی اہلیہ جیا بچن، شرمیلا ٹیگور، موسمی چٹرجی اور وِدیا بالن اوردیگرکئی بڑی فلمی شخصیات بھی اس تقریب میں شریک ہوں گی، تاہم بالی وْوڈ کے سپر اسٹار شاہ رْخ خان ، جو باقاعدگی سے اس فلمی میلے کے افتتاح میں شرکت کرتے رہے ہیں، اس مرتبہ اپنی شوٹنگ کی مصروفیات کے باعث شریک نہیں ہو سکیں گے۔

اس آٹھ روزہ بین الاقوامی میلے میں نمائش کیلئے دنیا کے 61ممالک سے 137ہدایتکاروں کی 149فلمیں منتخب کی گئی ہیں، جو کولکتہ کے 22مختلف مقامات پر دکھائی جائیں گی۔مختصر اور دستاویزی فلموں کے شعبے میں دکھانے کے لئے 176فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

پاکستانی فلم ”منٹو“ معروف افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بنائی گئی ہے،یہ اس میلے میں پاکستان کی جانب سے پیش ہونے والی واحد فلم ہے۔

فلمی میلے کا اعلیٰ ترین اعزاز گولڈن رائل بنگال ٹائیگر ایوارڈ ہے، جس کی مالیت 51لاکھ روپے ہے۔ یہ ایوارڈ بہترین فلم کو دیا جائے گا جبکہ بہترین خاتون ہدایت کارکو 21 لاکھ روپے کا گولڈن رائل بنگال ٹائیگرانعام دیا جائے گا۔

اس مرتبہ مزید دو نقد انعامات بھی متعارف کرائے جارہے ہیں۔ایک ، ایک لاکھ روپے کے یہ انعامات بہترین دستاویزی فلم اور بہترین مختصرفلم کو دئیے جائینگے۔ان کے علاوہ فلم کریٹِک ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک اسپیشل جیوری ایوارڈ انڈین سیلیکٹ کیٹیگری میں بہترین فلم کو دیا جائے گا۔

8 کروڑ روپے کے بجٹ والے کولکتہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پندرہ شعبے ہیں۔ ان میں اس سال 2 نئے شعبوں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی اپنے دور کی ممتاز اداکارہ شرمیلا ٹیگور کو جیو ری آف دی بورڈ کی چیئر پرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ جیوری کے دیگر اراکین میں چین کے اداکار بان لائی، سری لنکا کے اداکار سوارنا ملّا وراچی، پولینڈ کے فلم میکر فِلپمارزی وسکی اور اسرائیل کے سیموئل موز شامل ہیں۔

اس مرتبہ فلمی میلے میں تمام تر توجہ کا مرکز ہالی وْوڈ ہوگا۔ اگرچہ زیادہ تر فلمیں نئی ہیں، لیکن کچھ کلاسیکی فلمیں بھی نمائش پذیر ہوں گی ،جیسے اینتھونی کوئین کی ”زوربا دی گِریک“، اور سن ویلز کی’ سٹیزن کین‘ اور وِلیم وائلر کی ”بین حر“، وغیرہ۔

اس طرح گزشتہ صدی کے لیجنڈز انتھونی کوئین اور انگرڈ بر گ مین کے علاوہ کون اِچی کاوا، اورسن ویلز اور دیبکی کمار باسو کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

اکیس نومبر کو تقسیم ا عزازات کی تقریب کے ساتھ ہی اکیسواں کولکتہ انٹر نیشنل فلم فیسٹیول اپنے اختتام کو پہنچے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.