تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
12 نومبر 2015
وقت اشاعت: 9:16

پاکستانی سنیما گھروں پر ہالی وڈ کی فلموں کا راج

جیو نیوز - کراچی......مشتاق احمد سبحانی......گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستانی سنیما گھروں پر ہالی وڈ کی فلموں کا راج رہا جبکہ ان کے مقابلے پر بالی وڈ کی فلمیں ناکامی سے دوچارہوئیں۔تاہم ایک پاکستانی فلم ”جوانی پھر نہیں آنی “پچھلے دیڑھ ماہ سے ان دونوں صنعتوں کا نہایت کامیابی سے مقابلہ کررہی ہے اور ابھی تک ڈٹی ہوئی ہے۔

اکتوبر کے دوران اور نومبر کے اوائل تک پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں ہالی وڈ کی تقریباً درجن بھرفلمیں ریلیز ہوئیں جن میں جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم ”اسپیکٹر“باکس آفس پر سب سے آگے رہی۔ دیگر فلموں میں ’ہوٹل ٹرانسیلوانیہ‘،’برنٹ‘،’دی مارٹیان‘، ’اسکاوٴٹس گائیڈ ٹو دی زومبی ایپوکیلپس‘، ’پیرا نارمل ایکٹیو ٹی:دی گھوسٹ ڈائمینشن‘،’دی لاسٹ وچ ہنٹر‘،’گْوز بمپس‘،’برج آف اسپائیز‘،’اَوَر برانڈ اِز کرائسز‘ اور’سنو کوئین‘بھی کامیابی سے دکھائی جارہی ہیں۔

اسی دوران میں بالی وڈ کی تین فلمیں ”کِس کِس سے پیار کروں“، جذبہ“ اور ”شاندار“نمائش کے لیے پیش ہوئیں جن میں سے پہلی دو فلمیں بہت جلدی سنیما گھروں سے اْتر گئیں تاہم ’شاندار‘ملک کے صرف چند ایک تھیٹرز میں نمائش پذیر ہے۔

پاکستانی فلموں میں اِن دنوں’جوانی پھر نہیں آنی “ اور ’منٹو‘ زیرِ نمائش ہیں۔ ان میں پہلی فلم جو مکمل طور پر ایک مزاحیہ اور تفریحی فلم ہے ملک کے تمام بڑے شہروں میں دکھائی جارہی ہے جبکہ ”منٹو“ کی بھی کئی سنیما گھروں میں نمائش جاری ہے۔’جوانی پھر نہیں آنی ‘سالِ رواں کے دوران باکس آفس پر اب تک سب سے زیادہ کامیاب پاکستانی فلم ثابت ہوئی ہے۔

تاہم بالی وڈ کی ایک اہم فلم ’پریم رتن دھن پائیو‘اس ہفتے نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے جس کے بارے میں توقع کی جارہی ہے کہ یہ باکس آفس پر بے حد کامیاب ہوگی۔ اس فلم کے ہیرو بھارت کے سپر اسٹار سلمان خان ہیں جن کی کوئی بھی فلم سو کروڑ سے کم کا بزنس نہیں کرتی۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا یہ فلم ہالی وڈ کی”اسپیکٹر“ اور دیگر کامیاب فلموں سے آگے نکل جائے گی؟

’اسپیکٹر‘ جیمز بانڈ سیریز کی 24ویں فلم ہے۔ ایکشن، ایڈونچر، سسپنس اور تھرل سے بھرپور یہ فلم دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں دکھائی جارہی ہے اور امریکہ، برطانیہ اور کئی دیگر ملکوں میں باکس آفس پر ریکارڈز قائم کر رہی ہے۔پاکستان میں بھی اس وقت یہ سب سے کامیاب فلم ثابت ہوئی ہے۔

دیگرکامیاب فلموں میں ”ہوٹل ٹرانسیلوانیہ“اینی میٹڈ کامیڈی فلم ہے جبکہ ”برنٹ“اور ”اَوَر برانڈ اِز کرائسز“ کامیڈی ڈرامہ موویز ہیں۔”دی مارٹیان“ ایکشن اور ایڈونچر فلم ہے اور”اسکاوٴٹس گائیڈ ٹو دی زومبی ایپوکیلپس“ایک کامیڈی اور ہارر مووی ہے۔ ”پیرا نارمل ایکٹیو ٹی:دی گھوسٹ ڈائمینشن“ بھی ایک ہارر فلم ہے۔”برج آف اسپائیز“ڈرامہ،سسپنس تھرلر ہے جبکہ ”گْوز بمپس“ایکشن، ایڈونچر اور کامیڈی مووی ہے۔

اِس ہفتے ہالی وْوڈ کی دو نئی فلمیں ”دی پی نٹس مووی“ اور ”دی 33“ نمائش کے لئے پیش کی جارہی ہیں جو توقع ہے کہ اچھا بزنس کریں گی۔

بہرحال، اِن دنوں پاکستان کے سنیما گھروں پر ہالی وڈ کی فلمیں چھائی ہوئی ہیں۔اورلگتا ہے کہ بالی وڈ کی فلموں کا سحر ٹوٹ چکاہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.