26 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 14:20
سادھنا کی آخری رسومات ممبئی میں ادا کر دی گئیں
جیو نیوز - ممبئی.......ماضی کی مقبول اداکارہ سادھنا کو ممبئی میں آشی واڑہ کے برقی آتش کدے میں سپرد آتش کر دیا گیا۔ 1941ء میں کراچی میں پیدا ہونے والی سادھنا کینسر کے سبب کل چل بسی تھیں۔
آنکھوں سے اداکاری کرنے والی ساحرہ نے 50اور 60کی دہائیوں میں لاکھوں دلوں پر راج کیا۔اداکارہ سادھنا شیوداساٹی ممبئی میں وفات پا گئیں
فلم میرے محبوب ان کے کیرئر کی ایک یادگار فلم تھی، اس فلم میں برقعے میں سے جھانکتی سادھنا کی نگاہیں فلم بینوں کے دلوں پر نقش ہو کر رہ گئیں۔ دیکھنے والوں نے کہا کہ ایسی آنکھیں پھر کبھی پردہ اسکرین پر نہیں دیکھی گئیں۔
ان کے بالوں کا مخصوص انداز اور ساڑھی کے ساتھ چلنے کا انداز لوگوں کو بہت بھایا، لیکن سادھنا کو اصل شہرت ان یادگار گیتوں سے ملی جن کی موسیقی مدن موہن نے ترتیب دی اور جنہیں لتا نے گایا۔
سادھنا کے بارے میں یہ بات کم لوگوں کو معلوم ہے کہ وہ کراچی میں پیدا ہوئیں اور ان کا تعلق ایک سندھی گھرانے سے تھا، سادھنا چلی گئیں، لیکن فلموں میں ان کے یادگار کردار ہمیشہ زندہ رہیں گے۔