6 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 8:58
ڈیموکریٹک پارٹی کاکنونشن فیشن شو میں تبدیل
جیو نیوز - شارلٹ … شمالی کیرولینا کے شہر شارلٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کاکنونشن جاری ہے جس میں امریکا بھرسے پارٹی کے حامی مختلف انداز میں شریک ہیں اورانھوں نے پارٹی کنونشن کو فیشن شو میں بدل ڈالاہے۔ کنونشن سینٹرمیں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماوٴں کی دھواں دھارتقاریرجاری ہیں جہاں سیاستدانوں کے علاوہ رنگ برنگے کپڑوں میں ملبوس افراد بھی توجہ کامرکزبنے ہوئے ہیں۔کچھ تو سوبر انداز میں آئے ہیں مگر کچھ ایسے بھی ہیں جن کے حلیے سے سنکی پن جھلک رہا ہے۔ کوئی ڈھیروں بیجزلگائے ہے توکسی نے متعدد پن اور بٹن ٹانک رکھے ہیں اور ان پربھی صدر اوباما کی تصویریں بنی ہیں۔ ایک شخص نے کینیڈی اور بل کلنٹن کی تصویروں کے اوپر بارک اوباما کی تصویر منفرد انداز میں سجارکھی ہے۔ ایک خاتون نے اپنی جیکٹ پر اوباما کا چہرہ بنایا ہواہے جبکہ ایک نے توخود طوطے کا روپ دھاراہواہے۔ کنونشن سینٹر میں تو فیشن اور ڈانس کے مناظر دیکھنے میں آئے مگر ایک شخص نے تو باہر رہ کر بھی کمال کردیا اور وہ تھا کنونشن سینٹر کے باہر کھڑا ٹریفک پولیس اہلکار جواتنا خوش تھا کہ وہ ٹریفک کنٹرول کرتے ہوئے بھی ڈانس کرتارہا۔