5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:46
پانچ کرکٹرز کوکمرشل شوٹنگ کیلئے بیرون ملک جانے سے روک دیاگیا
جنگ نیوز -
لاہور…پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں کو کمرشل شوٹنگ کے لیے ملائیشیا جانے سے روک دیا ہے ۔ کمرشل شوٹ ری شیڈول نہ ہوئی تو ان کرکٹرز کو مالی نقصان کا بھی اندیشہ ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے پانچ کرکٹرز شاہد آفریدی، عبدالرزاق ، عمرگل ، یونس خان اور شعیب اختر کو ایک نجی کمپنی کے کمرشل کی فلمندی کیلئے ملائیشیا جانا تھا، تاہم کل سے شروع ہونیوالے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے پلیئرز کو ملائیشیا جانے سے روک دیا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کھلاڑی بیرون ملک جانے اور کمرشل معاہدوں کیلئے پی سی بی کی اجازت کے پابند ہیں تاہم اس سے قبل ایساکم ہی ہوا تھا کہ بورڈ نے پلیئرز کو کمرشل میں شرکت سے روکا ہو ۔