25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
آخری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی فتح
بی بی سی اردو - پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں ایک سو تین رنز سے شکست دے دی ہے۔
نیوزی لینڈ پہلے ہی ابتدائی دو میچ جیت کر یہ سیریز جیت چکا ہے۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے ایک سو چوراسی رن کا ہدف فراہم کیا تھا لیکن نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف اسّی رنز بنا سکی۔
یہ ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کا سب سے کم سکور ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم اننگز کے آغاز سے ہی نہ سنبھل سکی اور ایک موقع پر اس کے چار کھلاڑی صرف گیارہ کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ بعد میں بھی وقفے وقفے سے نیوزی لینڈ کی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم سولہویں اوور میں اسّی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی چودہ رن کے عوض چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ تاہم عبدالرزاق کو ان کی آل راؤنڈ کارگردگی کی وجہ سے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
عبدالرزاق نے پہلے تو پاکستانی اننگز کے اختتامی اوورز میں گیارہ گیندوں پر چونتیس رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور پھر تیرہ رن کے عوض تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان نے جب ٹاس جیت کر پہلے کھیلنےکا فیصلہ کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو اکیاسی رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پاکستانی مڈل آرڈر پھر ناکام رہا تاہم آخر میں عمر اکمل اور عبدالرزاق نے ٹیم کو ایک بڑے سکور تک پہنچے میں مدد دی۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر احمد شہزاد نے بتیس گیندوں پر نصف سنچری سکور کی۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور عمر گل اور شعیب اختر کی جگہ عبدالرحمان اور تنویر احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم: جیسی رائڈر، مارٹن گپتل، ڈی براؤنلی، راس ٹیلر، سکاٹ سٹائرس، جیمز فرینکلن، پی میگلیشن، نیتھن میکللم، کائل ملز، ٹم ساؤتھی اور اے منلی
پاکستانی ٹیم: محمد حفیظ، احمد شہزاد، یونس خان، عمر اکمل، شاہد آفریدی، اسد شفیق، عبدالرزاق، وہاب ریاض، تنویر احمد، سعید اجمل اور عبدالرحمان