تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21

آفریدی کی غلط حکمت عملی سے ٹیم مشکل میں ہے،بٹ

اردو ٹائمز - شاہد آفریدی نے اسپاٹ فکسنگ کا بھانڈا پھوڑ کر اپنے سابق نائب کپتان کی مخالفت مول لے لی ہے۔ شاہد آفریدی نے جولائی میں جب ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی تو پی سی بی نے قیادت کا تاج سلمان بٹ کے سر پر سجادیا تھا۔ کپتانی چھوڑنے کے بعد شاہد آفریدی حقائق کو منظر پر لائے۔ اب سلمان بٹ نے پی سی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ سینئر بیٹسمین مصباح الحق کو ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کا کپتان مقرر کیا جائے۔ محمد آصف اور محمد عامر کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ کیس میں پابندی کا سامنا کرنے والے سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی ایسے کپتان ہیں، جن کی کوئی سمت نہیں ہے۔ ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے کی ٹیمیں تقریباً ایک جیسی ہیں۔ حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم مختلف روپ میں دکھائی دی۔ جب یہ ٹیم ون ڈے کھیلنے میدان میں اتری تو کسی کھلاڑی کو علم نہ تھا کہ اس نے کیا کرنا ہے۔ میرے خیال میں ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کے لئے مصباح الحق آئیڈیل کھلاڑی ہیں۔ وہ پیدائشی کپتان اور آئیڈیل لیڈر ہیں وہ ایسے کپتان ہیں جو اپنی کارکردگی سے دوسرے کے لئے مثال پیدا کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد شاہد آفریدی نے آئی سی سی کے سامنے سلمان بٹ کے مبینہ سٹے بازوں سے تعلقات کا انکشاف کیا تھا۔ سلمان بٹ نے کہا کہ موجودہ ون ڈے ٹیم، ٹیسٹ ٹیم سے زیادہ مضبوط ہے۔ میرے خیال میں شاہد آفریدی کی غلط حکمت عملی اور کمزور کپتانی کی وجہ سے پاکستان ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ویلنگٹن کے پہلے ون ڈے میں شکست کی وجہ کمزور پلاننگ اور ناکام لیڈر شپ ہے۔ میری اطلاعات کے مطابق کئی کھلاڑی شاہد آفریدی کی بات سننے کو تیار نہیں ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.