17 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 21:16
باکسنگ فیڈریشن کا تربیتی کیمپ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے بند
جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا … پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے لگایا جانے والا کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے بند کردیا گیا۔ پی ایس بی سینٹر کراچی میں سیف گیمز اور ایشین گیمز کی تیاری کھلاڑیوں کا باکسنگ کیمپ گزشتہ تین ماہ سے جاری تھا کہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے کیمپ کو 17 ستمبر سے بند کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق کیمپ میں ابتدا میں 15 کھلاڑی تھی جن کی تعداد بڑھ کر 25 کے لگ بھگ ہوگئی تھی۔ کیمپ میں تینوں فورسز کے باکسر آرمی کے ارشد حسین، ایئرفورس کے ساجد راجہ اور نیوی کے لیاقت علی کی کوچنگ میں ٹریننگ لے رہے تھے۔ پی ایس بی کراچی کے افسران نے فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں سے کہہ دیا ہے کہ کیمپ بند کیا جارہا ہے لہذا اپنے اپنے گھروں کی روانگی کا سفر باندھ لیں۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی فوری گھر روانہ ہوگئے جبکہ آرمی، نیوی اور ایئرفورس اور دیگر کھلاڑی ٹکٹ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ایک دو روز میں اپنے اپنے شہروں کو روانہ ہوجائیں گے۔ جنگ نے تفصیلات جاننے کیلئے جب پی ایس بی سینٹر کراچی کے ڈائریکٹر محکم الدین منگریو سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ صحیح ہے کہ باکسنگ کیمپ منگل 17 ستمبر سے فنڈز کی کمی کی وجہ سے بند کیا جارہا ہے۔ قریب رہنے والے کھلاڑی اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں جبکہ دور دراز رہنے والے کھلاڑیوں کے ٹکٹوں کی بکنگ ہوگئی ہے وہ بھی ایک دو روزہ میں اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد کے اعلی افسران کے درمیان فنڈز کی فراہمی کے حوالے بات چیت ہوگئی ہے امید ہے فنڈز ملنے کے بعد یکم اکتوبر سے کیمپ کا دوبارہ آغاز ہوجائے گا۔