7 مئی 2015
وقت اشاعت: 14:37
میرپور ٹیسٹ، بنگلادیش مشکلات کا شکار، 5 وکٹوں پر 107 رنز
جیو نیوز - میر پور، ڈھاکا........میر پور ٹیسٹ میں بنگلا دیش کے سر پر فالو آن کا خطرہ منڈلانے لگا، پاکستان کے 557رنز کے جواب میں بنگلا دیش ٹیم 107 رنز پر پانچ وکٹوں سے محروم ہوگئی۔میرپور ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی کے سبب بنگلادیش کی ٹیم بیک فٹ پر چلی گئی ہے، کھیل کے اختتام تک اُس کے 107رنز پرپانچ کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے ۔دوسرے دن پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز 323رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی۔ کپتان مصباح الحق مزید کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے،جس کے بعد اظہر علی اور اسد شفیق کے درمیان 207رنز کی شراکت ہوئی۔ اظہر علی نے اس دوران کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بنائی، اُن کی 226رنز کی اننگز میں 20چوکے اور 2چھکے شامل تھے۔ دوسر ے اینڈ سے اسد شفیق نے بھی سنچری مکمل کی۔ اسد شفیق 107رنز بناکر پویلین لوٹے، اس کے بعد وہاب ریاض اور یاسر شاہ بھی جلد آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان نے چائے کے وقفے پر 557رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کردی۔ سرفراز 21رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ تیجل الاسلام نے تین وکٹیں حاصل کیں، جوابی اننگز میں بنگلادیش کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین پاکستانی بولرز کی شاندار بولنگ کے سامنے نہ ٹھہرسکے، دو کھلاڑیوں کو جنید خان نے آؤٹ کیا، دو کو یاسر شاہ نے ٹھکانے لگایا، ایک وکٹ وہاب ریاض کے حصے میں آئی۔ کھیل کے خاتمے تک بنگلادیش نے پانچ وکٹ کھو کر صرف 107رنز بنائے تھے، بنگلادیش کو فالو آن سے بچنے کے لیے مزید251 رنز درکار ہیں۔