تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21

میچ بے نتیجہ، سیریز پاکستان کے نام

بی بی سی اردو - ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا ہے اور یوں دو میچوں کی سیریز پاکستان نے ایک صفر سے جیت لی ہے۔

ہیملٹن میں کھیلا گیا ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے دس وکٹوں سے جیتا تھا اور پاکستان سات سال بعد نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

کلِک دوسرے ٹیسٹ کا آخری دن: تصاویر

دوسرے ٹیسٹ کے آخری دن نیوزی لینڈ نے پاکستان کو فتح کے لیے دو سو چوہتر رن کا ہدف فراہم کیا تھا لیکن کھیل کے اختتام تک پاکستانی ٹیم پانچ وکٹ کے نقصان پر دو سو چھبیس رن بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے مصباح الحق ستّر اور عدنان اکمل دو رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
کھیل کے آخری دو سیشنز میں پاکستانی بلے بازوں نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور یوں لگتا تھا کہ پاکستانی ٹیم یہ میچ جیتنے کی کوشش ہی نہیں کر رہی۔

پاکستانی اننگز کی خاص بات کپتان مصباح الحق اور یونس خان کی نصف سنچریاں تھیں۔یونس اور مصباح کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے ایک سو اٹھارہ رن کی شراکت ہوئی۔ان دونوں بلے بازوں نے پہلی اننگز میں بھی نصف سنچریاں بنائی تھیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کرس مارٹن اور ٹم سودی نے دو، دو جبکہ ڈینیئل ویٹوری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں ڈینیئل ویٹوری کی سنچری کی بدولت 356 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں تین سو چھہتر رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ نے دو سو ترانوے رن بنا کر فتح کے لیے پاکستان کو نوے اوورز میں دو سو چوہتر رنز کا ہدف فراہم کیا تھا۔

ٹیسٹ سیریز کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بائیس جنوری سے شروع ہوگی۔

یہ پانچ سال میں پہلا موقع ہے کہ پاکستان کوئی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے سنہ 2006 میں ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ سیریز میں ہرایا تھا۔

نیوزی لینڈ ٹیم: مارٹن گپتل، برینڈن میککلم، ولیمسن، راس ٹیلر، جیسی رائیڈر، جیمز فرینکلن، ینگ، ڈینیئل ویٹوری، ٹم سودی، آرنل اور کرس مارٹن۔

پاکستان ٹیم: محمد حفیظ، توفیق عمر، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، عدنان اکمل، عبدالرحمان، عمر گل، تنویر احمد اور وہاب ریاض۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.