25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
شعیب اختر پر بال ٹیمپرنگ کا الزام
اردو ٹائمز - برطانوی میڈیا کی جانب سے الزامات ہیں کہ رکنے کا نام نہیں لے رہے۔ اسپاٹ فکسنگ اور فینسی فکسنگ کے بعد اب شعیب اختر پر بال ٹیمپرنگ کا نیا الزام بھی لگادیا گیا ہے۔اخبار ڈیلی میل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف روز بال میں کھیلے گئے آخری ون ڈے میچ کے دوران شعیب اختر بظاہر اپنے بائیں انگوٹھے کو بال پر پھیرتے۔ پھر اسے زمین پر گراکر اپنے نوکیلے جوتے کے ساتھ اِس پر کھڑے ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اخبار کے مطابق یہ حرکت شعیب اختر نے انگلینڈ کی اننگز کے اکتالیسویں اوور میں اس وقت کی جب وہ پال کونگ ووڈ کو گیند کرانے کی تیاری کررہے تھے۔اخبار کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار نہیںشعیب اختر روز بال میں اِس طرح کی حرکت کرتے ہوئے پائے گئے۔ چار سال پہلے اِسی جگہ انگلینڈ ہی کے خلاف میچ کے دوران اسکائی ٹیوی کے کیمروں نے انہیں انگوٹھے سے بال کو کھرچتے ہوئے فلمایا تھا۔شعیب اختر کو اس وقت تو کلیئر کردیا گیا تھا۔ مگر دو ہزار دو میں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا الزام لگنے کے بعد انہیں تنبیہ کی گئی تھی۔ اس کے اگلے ہی سال سری لنکا میں نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں اِسی جرم پر شعیب کو دو ون ڈے انٹرنیشنل میں شرکت کی پابندی اور میچ فیس کا 75فیصد جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔